تازہ ترین

واٹر بورڈ نے نارتھ کراچی میں صنعتوں کا پانی بند کردیا

Water Shortage brings industrial production to a halt
  • واضح رہے
  • اکتوبر 15, 2020
  • 10:29 شام

پیداواری سرگرمیاں رکاوٹ کا شکار ہیں۔ ایم ڈی واٹر بورڈ صنعتوں کو طلب کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔ فیصل معیز خان

کراچی: نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان نے نارتھ کراچی کی صنعتوں کو پیداواری ضرورت کے مطابق پانی کی عدم فراہمی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پیداواری سرگرمیاں بلارکاوٹ جاری رکھنے کے لیے بلاتعطل اور طلب کے مطابق صنعتوں کو پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وزیراعظم عمران خان کے صنعتوں کے فروغ اور ملکی معیشت کے استحکام کے ویژن کو پورا کیا جاسکے۔

فیصل معیز خان نے واٹر ایم ڈی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی عدم فراہمی کے باعث اگر صنعتیں بند ہوئیں تو اس کی تمام تر ذمہ داری ایم ڈی واٹر بورڈ پر عائد ہوگی کیونکہ نکاٹی کی جانب سے بارہا پانی کی قلت کی نشاندہی کے باوجود صنعتوں کو ضرورت کے مطابق پانی فراہم نہیں کیا جارہا حالانکہ وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کراچی کے صنعتکاروں کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں پانی کا مسئلہ بھی اٹھایا گیا اور وزیراعظم نے اجلاس میں یہ یقین دہانی کروائی تھی کہ پیداواری سرگرمیاں بلا کسی رکاوٹ جاری رکھنے میں حکومت صنعتکاروں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

وزیراعظم کا یہ بھی ماننا تھا کہ صنعتیں چلیں گی تو ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا اس کے باوجود واٹربورڈ کا جان بوجھ کر صنعتوں کو پانی کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا کرنا صنعتکاروں میں شدید تحفظات پیدا کرنے کے باعث ہے۔

نکاٹی کے صدر نے مطالبہ کیا کہ واٹربورڈ کونارتھ کراچی کی صنعتوں کو پیداواری ضرورت کے مطابق پانی کی بلاتعطل فراہمی کی ہدایت کی جائے تاکہ صنعتکار برداری پیداواری سرگرمیوں کو فروغ دے کر وزیراعظم عمران خان کے پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے کے ویژن کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کرسکے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے