تازہ ترین

سری لنکن حکومت نے پھر کورونا زدہ مسلمانوں کی لاشیں جلانا شروع کردیں

srilankan hukumat ne phir corona zada musalmano ki laashein jalana shuru ker dein
  • واضح رہے
  • دسمبر 16, 2020
  • 1:25 صبح

گزشتہ ہفتے فوت ہونے والے 15 مسلمانوں کی تدفین نہ کرنے پر مسلم کمیونٹی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے

کولمبو: سری لنکا میں ایک بار پھر کورونا وائرس کا شکار ہوکر انقتال کر جانے والے مسلمانوں کی لاشوں کو جلانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ وبا کی وجہ سے ہلاک ہونے والے 15 مسلمانوں کو دفنانے کے بجائے، اہل خانہ کی مرضی اور اسلامی عقائد کے برخلاف جلانے پر آئی لینڈ کی مسلم برادری شدید برہم ہے۔

ادھر بااثر بدھ بکھشوؤں نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر جانے والے افراد کو اگر دفن کیا گیا، تو اس سے زیر زمین پانی آلودہ ہو جائے گا اور وائرس پھیل جائے گا، رواں برس اپریل میں مُردوں کو جلانے کے ضوابط لاگو کیے گئے تھے۔

مسلمان میتیں جلائے جانے پر احتجاج فقط سری لنکا ہی میں نہیں بلکہ دیگر مسلم ممالک میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ سری لنکا کے ہم سایہ ملک مالدیپ نے سری لنکا میں کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر جانے والے مسلمانوں کو اپنے ہاں دفنانے کی پیش کش کی ہے۔

مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح اپنی حکومت کے عہدیداروں سے بات چیت میں مصروف ہیں تاکہ سری لنکا میں فوت ہونے والے مسلمانوں کی اسلامی طرز پر آخری رسومات کی ادائیگی میں معاونت فراہم کی جا سکے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں مالدیپ کے وزیرخارجہ عبداللہ شہید نے کہا ہے کہ مالدیپ اس سلسلے میں سری لنکا کی مدد کے لیے تیار ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھی مسلمانوں کی لاشیں جلانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سری لنکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوت ہو جانے والے افراد کی میتیں ان کے اہل خانہ کے سپرد کرے تاکہ کہ وہ اپنے اعتقاد کے مطابق ان کی آخری رسومات ادا کر سکیں۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے