تازہ ترین

روضہ امام حسینؓ کی دو برس میں دوسری بار توسیع

روضہ امام حسینؓ کی دو برس مین دوسری بار توسیع
  • واضح رہے
  • اپریل 22, 2019
  • 2:14 صبح

عراقی حکومت نے زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے نتیجے میں احاطے کے توسیعی منصوبے کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ مزید ایک کروڑ افراد کی گنجائش بن سکے۔

قطری ٹی وی چینل کے مطابق حضرت امام حسینؓ اور حضرت عباسؓ کے مزار کی زیارت کیلئے ہر برس 3 کروڑ سے زائد زائرین مقدس شہر کربلا آتے ہیں۔ شروع کئے گئے توسیعی منصوبے سے سالانہ مزید ایک کروڑ زائرین کی گنجائش پیدا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ دو برس قبل بھی روضہ امام حسینؓ کی تزئین و آرائش اور توسیع کا کام کیا گیا تھا، تاہم اب احاطے کو مزید وسیع کرنے کی ضرورت پیش آئی ہے۔ اس حوالے سے امام حسین فاؤنڈیشن کے سینئر بورڈ ممبر عفدال الشامی نے بتایا ہے کہ فاؤنڈیشن نے زائرین کی تعداد میں مزید اضافے کے پیش نظر توسیعی منصوبوں کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس توسیع سے زائرین کو مزید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی اور انتظامیہ کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔

بورڈ ممبر کا کہنا تھا یہ توسیعی منصوبہ 6 سال میں مکمل ہوگا جس کے پہلے حصے کو آئندہ 3 سال میں مکمل کر کے مزار میں شامل کر دیا جائے گا۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد مزید ایک کروڑ افراد سالانہ روضہ حضرت امام حسینؓ کی زیارت کر سکیں گے۔ امام حسین فاؤنڈیشن نے روضے کے احاطے میں طبی امداد کیلئے ایک بڑا اسپتال بھی قائم کیا ہے جہاں دنیا بھر سے آنے والے مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے، جبکہ یہاں کینسر جیسے موذی مرض کا بھی علاج کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ عراق میں حکومت کیلئے مذہبی سیاحت آمدن کا دوسرا بڑا ذریعہ ہے اور اب ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے سبب زائرین کی تعداد میں ہر سال اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کے عقیدت مندوں کے 10 محرم کو ہونے والے اجتماع کو دنیا کے بڑے مذہبی اجتماعات میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ پہنچتے ہیں۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے