چنائی: کئی برسوں کی قیاس آرائیوں کے بعد بالآخر جمعرات کو بالی ووڈ اور ساؤتھ انڈین فلموں کے بے تاج بادشاہ اور اداکاری سے سیاست میں آنے والے رجنی کانت نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا۔ شیوا جی راؤ گائیکواڈ المعروف رجنی کانت نے کہا کہ وہ آئندہ برس جنوری میں اپنی سیاسی پارٹی لانچ کریں گے، جس کے ایک ماہ بعد تامل ناڈ اسمبلی کے الیکشن ہوں گے۔
تامل اور کناڈا فلموں کے سب سے معروف اداکار جو ریاست میسور کے ایک مرہٹہ گھرانے میں پیدا ہوئے ان کے بارے میں 1996 سے یہ کہا جارہا تھا کہ وہ سیاست میں انٹری دینے والے ہیں، لیکن اس میں دو دہائیوں کی تاخیر ہوئی۔ اب انہوں نے کہا ہے کہ وہ 31 دسمبر کو اس حوالے سے تفصیلات کا اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ ریاست تامل ناڈ کے الیکشن آئندہ موسم گرما میں شیڈول ہیں۔
رجنی کانت نے ٹوئٹر پر آج اپنے ایک مختصر بیان میں کہا کہ وہ بدعنوانی سے پاک، ایماندار، شفاف اور سیکولر جماعت جوکہ روحانی سیاست کی حامل ہو، کا آغاز کرینگے اور یہ یقیناً آئندہ الیکشن میں فتح حاصل کرے گی۔ اس موقع پر 69 سالہ رجنی کانت نے یہ نہیں بتایا کہ آیا وہ خود الیکشن لڑیں گے یا نہیں۔
تاہم اس سال مارچ میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ نہ تو چیف منسٹرشپ کے امیدوار ہوں گے اور نہ ہی الیکشن لڑیں گے۔ دوسری جانب ان کے مداحوں اور پرستاروں کی اکثریت انھیں تامل ناڈ کا وزیراعلیٰ دیکھنے کی خواہش مند ہے۔