تازہ ترین

شادی سے پہلے وزن کم کرنے کا دباؤ

shadi se pehle wazan kum karne ka dabao
  • واضح رہے
  • اپریل 2, 2021
  • 12:46 صبح

شادی کی بات سنتے ہی ایک تصور جو ذہن میں ابھرتا ہے وہ ہے سب سے زیادہ دلکشی اور توجہ کا مرکز۔۔۔۔۔۔۔ دلہن

دبلی پتلی، شرمائی ہوئی ایک لڑکی۔ لیکن اگر یہی دلہن تھوڑی سی بھی موٹی ہو تو سب سے زیادہ ٹینشن میں خود دلہن ہی مبتلا نظر آتی ہے۔

کئی لڑکیوں کے رشتے صرف اس لیے طے نہیں ہو پاتے کہ وہ موٹی ہوتی ہیں۔ آج کل کے دور میں زیادہ تر لوگ دبلی پتلی لڑکی کی ہی تلاش کرتے ہیں۔ چاہے لڑکا خود کتنا ہی موٹا کیوں نہ ہو۔

اگر آپ کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی مسئلہ ہے اور شادی جلد ہی ہونے کو ہے تو گھبرائیں نہیں۔ بس ضرورت عزم کرنے کی ہے، عزم مصمم ہوگا تو وزن کو کنٹرول کرنا بڑا کام نہیں۔

جن لڑکیوں یا خواتین کا وزن زیادہ ہوتا ہے انہیں شادی کے وقت فطری طور پر یہ ٹینشن ہوتی ہے کہ انہیں لہنگا فٹ آئے گا یا نہیں۔ اسی طرح بازو زیادہ بھاری لگنے کی ٹینشن یا پھر میک اپ لُک میں بھدا لگنے کی ٹینشن۔

دلہن کے لیے نہ صرف بہترین لباس، خوبصورت جیولری اور دلکش انداز لازمی تصور کیا جاتا ہے، بلکہ ایک آئیڈیل ویٹ (وزن) بھی ضروری ہے اور اس خواہش کی تکمیل کے لئے شادی سے پہلے ہر دلہن کے سر پر وزن کم کرنے کی دھن سوار ہو جاتی ہے۔

اگر آپ کو بھی اس صورتحال کا سامنا ہے تو شادی سے کم از کم 6 سے 8 ہفتے پہلے ایکٹو ہوجایئے۔ شادی کا دن زندگی کا سب سے اہم دن ہوتا ہے، اس لئے اس کی تیاری بھی بے مثال ہونی چاہیئے۔

باڈی پوسچر

ہر دلہن کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بناؤ سنگھار کے حوالے سے ایسے بہترین لباس اور میک اپ لُک کا انتخاب کرے، جو اس کو خوبصورت و پُرکشش روپ عطا کرے، لیکن اس خوبصورتی سے قبل جو چیز زیادہ اہم ہے وہ آپ کا باڈی پوسچر ہے۔ اگر آپ کا باڈی پوسچر متوازن نہیں ہے تو ذیل میں دیے گئے اسٹیپس پر باقاعدگی سے عمل کر کے آپ شادی والے دن لمبی، دبلی اور مزید جاذب نظر لگ سکتی ہیں۔

آلتی پالتی مار کر بیٹھ جائیں، سر پر کوئی کُشن یا کتاب وغیرہ رکھیں اور اپنی سمت بالکل سیدھی رکھیں۔ پھر اسی طرح اٹھیں اور دوبارہ بیٹھنے کی کوشش کریں۔ جب آپ کو محسوس ہو کہ اب آپ کتاب یا کُشن گرائے بغیر آسانی کے ساتھ اٹھ اور بیٹھ رہی ہیں تو پھر چلنے کی کوشش کریں۔

دن میں روزانہ 15 سے 20 منٹ یہ عمل کریں۔ وقت کے ساتھ بیٹھنے، اٹھنے اور چلنے کا دورانیہ بڑھائیں۔

اگر آپ کے بازو موٹے ہیں تو اس کیلئے دونوں ہاتھ اپنے بازوؤں کے سامنے بالکل سیدھے کرلیں، پھر مٹھیاں بند کرکے کلاک وائز اور اینٹی کلاک وائز گھمائیں۔ ہاتھوں کو فُل اسٹریچ کریں۔ آغاز میں یہ عمل 10 مرتبہ کریں اور پھر ہر دن اس کی تعداد بڑھاتی جائیں۔

اگر آپ کی چِن ڈبل ہے اور چہرے پر ایک ناگوار تاثر دیتی ہے تو شادی سے قبل اس سے نجات ضروری ہے۔ اس کے لیے منہ اوپر کی طرف کرکے انگلیوں کی مدد سے چِن کو آہستہ آہستہ تھپتھپائیں۔

گالوں کو نارمل رکھنے کے لیے پاؤٹ (ہونٹ لٹکانا) بنائیں۔

ورزش سے وزن کم کریں

ورزش سے نہ صرف وزن کم کیا جاسکتا ہے بلکہ فٹنس اور فعالیت بھی برقرار رکھی جا سکتی ہے۔ ساتھ ہی اس جسمانی سرگرمی کے ذریعے جسم میں توانائی کی سطح بھی بڑھ جاتی ہے۔

شادی سے کم از کم ایک سے دو ماہ پہلے ورزش کرنا شروع کردیں۔ ذیل میں دی گئی ورزش کو آپ کے صرف 14 منٹ درکار ہوں گے اور ان چند منٹوں کے دوران کی گئی یہ ورزش ایک مہینے میں ہی آپ کے وزن کو نمایاں طور پر کم کردے گی۔

ہر ورزش کے لیے دو منٹ مختص کریں۔

  • اسکواٹس

  • جاگنگ یا سیڑھیاں چڑھنا اور اترنا۔

  • اسٹڈی چیئر کے ساتھ پریس اپ اور پریس ڈپ۔

  • جمپنگ جیکس۔

  • پلینکس اور سِٹ اپ۔

ہر ورزش کے دوران 30 سیکنڈ کا وقفہ ضروری ہے۔ پہلے اور دوسرے ہفتے ایکسرسائز کا دورانیہ 14 منٹ، جبکہ تیسرے اور چوتھے ہفتے اس کا دورانیہ بڑھا کر دُگنا کردیں، جبکہ پانچویں اور چھٹے ہفتے کا سیشن تین گُنا بڑھا دیں۔

پہلے دو ہفتوں میں 20 منٹ چہل قدمی کریں۔ تیسرے اور چوتھے ہفتے میں 30 منٹ، جبکہ پانچویں اور چھٹے ہفتے میں اس کا دورانیہ کم از کم 40 منٹ ہو جانا چاہیے۔

ڈائٹ پلان

ایکسرسائز کے علاوہ جو ایک اور چیز اہم ہے وہ آپ کا ڈائٹ پلان ہے۔ وزن کم کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ کھانا پینا چھوڑ دیا جائے اور جسم کو درکار لازمی غذائیت بھی فراہم نہ کی جائے۔ اسی لئے شادی کی ویڈیو یا تصاویر میں دبلی پتلی نظر آنے سے بہتر ہے کہ صحت مند نظر آئیں۔

آپ ڈاکٹر کے مشورے سے بھرپور ڈائٹ کے ساتھ کچھ ایکسرسائزز کر سکتی ہیں تاکہ آپ کے چہرے کی چمک اور بالوں کی مضبوطی اور گھنے پن میں کسی قسم کی کمی واقع نہ ہوسکے۔ علاوہ ازیں دورانِ ڈائٹ جن باتوں کا خیال رکھنا چاہیئے وہ درج ذیل ہیں:

دن بھر کی غذا میں ایسے پھلوں اور سبزیوں کا اضافہ کیجئے جس کو کھانے سے چہرے پر چمک آئے۔

چینی اور ریفائینڈ کاربوہائیڈریٹ کی مقدار کم کردیں، کولڈ ڈرنک کے بجائے دہی کی لسی ضرور پئیں۔ دہی چہرے کی تازگی کے لئے بہت کارگر ہے۔

کھجور، انار اور انگور وغیرہ جیسے موسمی پھیلوں سے چہرے کی چمک کو اور بڑھایا جا سکتا ہے، جس سے طاقت بھی ملے گی اور ہاضمہ بھی درست رہے گا۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے