تازہ ترین

بھینس کا قومی دن 2 مارچ کو منانے کا اعلان

بھینس
  • واضح رہے
  • مئی 9, 2019
  • 11:55 شام

ایگری ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے یہ منفرد آئیڈیا پاکستانی ڈیری انڈسٹری کے فروغ کیلئے پیش کیا گیا ہے۔

بھینس کا قومی دن (نیشنل بفیلو ڈے) 2 مارچ 2020 کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایگری ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق تنویر کے اس فیصلے کو ڈیری سیکٹر سے منسلک افراد کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں بھینس کی بہترین بریڈ پائی جاتی ہے اور سب سے زیادہ دودھ دینے والے جانوروں میں نیلی راوی نسل کی بھینس نمایاں ہے، جو یومیہ 10 سے 12 کلو دودھ دیتی ہے۔

ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان (DCFA) نے نیشنل بفیلو ڈے منانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بفیلو بریڈرز ایسوسی ایشن پنجاب پاکستان اور فارمرز کی دیگر تنظیموں کے ہمراہ یہ دن انتہائی جوش و خروش سے منائے گی۔

ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نے ایگری ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق تنویر کو نیشنل بفیلو ڈے کے منفرد آئیڈیے پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔ اور کہا کہ پاکستان پولٹری ڈیری اینڈ لائیو اسٹاک ایکسپو کے موقع پر طارق تنویر کو ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان کی جانب سے خصوصی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ، لائیو اسٹاک کے محکموں، ویٹرنری یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ دیگر متعلقہ اداروں کو مل کر اس دن کو منانے کیلئے آگے بڑھنا چاہئے اور 2 مارچ کو نیشنل بفیلو ڈے کیلئے مختص کرتے ہوئے اسے قومی سطح پر سرکاری طور پر منظور کروانا چاہئے۔

اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور عالمی سطح پر متعارف کروانے کیلئے بھی اقدامات اٹھانے چاہئیں اور اس سلسلے میں انٹرنیشنل بفیلو فیڈریشن اور دیگر متعلقہ عالمی تنظیموں کو بھی اعتماد میں لینا چاہئے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے