تازہ ترین

رواں برس 35 ارب روپے پنشن ادا کی۔ چیئرمین ای او بی آئی

رواں برس 35 ارب روپے پنشن ادا کی۔ چیئرمین ای او بی آئی
  • واضح رہے
  • مئی 1, 2019
  • 10:01 صبح

اظہر حمید نے کراچی کے علاقے کورنگی کے صنعتکاروں کو یقین دلایا کہ آڈٹ کے نام پر انہیں ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ای او بی آئی اظہر حمید نے کہا کہ آڈٹ کے نام پر کسی کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس سال قومی سطح پر پنشن ڈے منایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رواں برس 35 ارب روپے کی پنشن ادا کی گئی۔

اجلاس میں کاٹی کے صدر دانش خان، سینئر نائب صدر فراز الرحمٰن، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے ای او بی آئی سیسی زاہد سعید، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا اور دیگر شریک تھے۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر دانش خان کا کہنا تھا کہ ورکرز کی بہبود کیلئے ہر ممکن تعاون کو تیار ہیں، تاہم اس سلسلے میں جاری قانونی تنازعات کے باعث بے یقینی کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

دانش خان نے کہا کہ سالانہ ایک مرتبہ کے آڈٹ کے اصول پر سختی سے عمل کروایا جائے، بار بار آڈٹ کے عمل سے نہ صرف صنعتوں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے، بلکہ کئی مرتبہ اسے ہراساں کرنے کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

زاہد سعید نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد ای او بی آئی سے متعلق پیدا ہونے والے ابہام کو دور کرنا چاہیئے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ ای او بی آئی صنعتکاروں اور آجروں میں یہ آگاہی فراہم کرے کہ ان کے زر تعاون سے ان کے ملازمین کو کتنا فائدہ پہنچتا ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ کراچی کے سبھی صنعتی علاقوں کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کر دیئے جائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ای او بی آئی اظہر حمید نے کہا کہ ادارے نے جون میں ختم ہونے والے مالی سال 2018-19 میں 35 ارب روپے پنشن کی مد میں ادا کئے، آئندہ برس یہ رقم بڑھ کر 46 ارب روپے ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس قومی سطح پر پنشن ڈے منایا جائے گا جس میں ای او بی آئی کے بڑے کنٹریبیوٹرز کی پذیرائی بھی کی جائے گی۔

اظہر حمید کا کہنا تھا کہ آڈٹ کے نام پر کسی کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایسی شکایات ہوں تو فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کے ازالے کیلئے کاٹی کی جانب سے فوکل پرسن متعین کردیا جائے، اسی طرح مل کر مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

اجلاس میں ای او بی آئی کے ڈی جی آپریشنز عقیل احمد صدیقی، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انور علی زیدی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے