تازہ ترین

قرآن پرنٹنگ کمپلیکس۔ اشاعت و تشریح کا معتبر ادارہ

quran printing complex asahat o tashreeh ka motabar idara
  • واضح رہے
  • مئی 8, 2021
  • 9:49 شام

کنگ شاہ فہد نے اس کمپلیکس کی بنیاد اسی سوچ اور نظریے کے ساتھ رکھی تھی کہ یہاں سے دنیا بھر کے مسلمان مستفید ہوں گے

قرآن کریم کمپلیکس کو 50 مختلف زبانوں میں قرآنی الفاظ کے معنی اور ترجمہ کرنے کا شرف حاصل ہے۔ اس ادارہ کے ذریعے تراجم کئے جانے پر اسے 6 مرتبہ ’’کنگ عبداللہ انٹرنیشنل ایوارڈ‘‘ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

اس وقت شاہ عبداللہ کے مشیر اور ’’شاہ عبدالعزیز پبلک لائبریری بورڈ‘‘ کے رکن شہزادہ عبدالعزیز بن عبداللہ نے فاتحین کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا ’’ترجمہ دیگر ثقافتوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ یہ معاشرے اور تہذیب و تمدن کے فروغ میں اہم رول ادا کرتا ہے۔ پانچ زمروں کے تحت اس ایوارڈ کے ہر فاتح کو 5 لاکھ سعودی ریال عطا کئے جاتے ہیں۔

10 برس قبل ’’کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس‘‘ کو ایک ہی سال میں دوسری مرتبہ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا تھا۔ ایک مرتبہ ’’دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن اسلامک پرسنالٹی‘‘ کے ذریعے مقدس کتاب کی اشاعت میں نمایاں کارکردگی انجام دینے کے اعتراف میں اسے ایک ملین درہم کا انعام عطا کیا گیا تھا۔

قرآن پرنٹنگ کمپلیکس مدینہ منورہ میں واقع ہے، جس کو مرحوم شاہ فہد بن عبدالعزیز نے 1984ء میں قائم کیا تھا۔ اس کمپلیکس کی ایک شفٹ میں سال کے دوران تقریباً 10 ملین قرآن کریم کے مختلف نسخوں کی اشاعت مکمل ہوجاتی ہے۔

یہ بات بھی قابل غور ہے کہ کمپلیکس کے اندر تین شفٹوں میں کام کرائے جانے کی صلاحیت موجود ہے۔ یہ ادارہ نہ صرف عربی زبان میں قرآن کریم کی اشاعت کرتا ہے بلکہ یہاں مختلف زبانوں میں اس کا ترجمہ بھی کیا جاتا ہے۔ یہاں پر مکمل قرآن کریم کی اشاعت کے ساتھ ساتھ اس کے ابواب بھی شائع کئے جاتے ہیں۔

ابھی تک کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس کے علماء اور دانشوروں نے قرآن کریم کا ترجمہ تقریباً 50 زبانوں میں مکمل کرلیا ہے، جن میں بنگالی، چینی، انگریزی، فرانسیسی، یونانی، حوثی، ملیالی، فارسی، تکالوگی، ترکی، اردو اور ژولو زبانیں قابل ذکر ہیں۔

کمپلیکس میں تجوید و تلاوت کے کورسز بھی ہوتے ہیں۔ یہاں پر اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ حفاظ کرام اچھی طرح سے قرآن کریم حفظ کریں۔ یہ ذمہ داری سند یافتہ ان پروفیسرز یا ماہرین کو سونپی جاتی ہے، جنہیں نے قرآن کریم کی تجوید و تلاوت میں خصوصی مہارت حاصل ہے۔

اسی طرح یہاں پر قرأت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے اور طلبا کو یہ بات سکھائی جاتی ہے کہ قرأت کے دوران قرآن کریم کے کس لفظ کو کس طرح سے ادا کرنا ہے۔

ہر سال فریضۂ حج ادا کرنے کیلئے جو عازمین سعودی عرب آتے ہیں، ان کو اس کمپلیکس میں شائع ہونے والے قرآن کریم کی ایک کاپی بطور تحفہ دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ کمپلیکس نہ صرف دونوں مقدس مساجد میں قرآن کریم فراہم کرتا ہے بلکہ مملکت کے دیگر علاقوں میں قرآن کریم اور تراجم ضرورت کے مطابق فراہم کرتا ہے۔

یہ کمپلیکس چھپائی اور تقسیم کاری کرنے والے اداروں سے نہایت برتر و اعلیٰ ادارہ ہے۔ یہ قرآن کریم کے تمام پہلوؤں پر ممتاز مطالعہ اور تحقیق میں سہولت فراہم کرنے والا ادارہ ہے، جو کہ اللہ تعالیٰ کے کلام کو مختلف قوموں تک پھیلاتا ہے۔ یہاں حضرت محمدؐ کی سنت اور حدیث پاک کی اشاعت و تشریح بھی کی جاتی ہے۔

quran printing complex asahat o tashreeh ka motabar idara

اسلام کے خلاف جو پروپیگنڈا اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، ان کے سدباب کیلئے بھی قرآن پرنٹنگ کمپلیکس ایک موثر ادارہ ہے۔ اس حوالے سے ادارے کی جانب سے برسوں قبل ایک کثیر لسانی ویب سائٹ www.Qurancomplex.org کا آغاز کیا گیا تھا۔ مذکورہ ویب سائٹ سات زبانوں یعنی عربی، انگریزی، فرانسیسی، اردو، ہسپانوی، انڈونیشیائی اور حوثی زبانوں میں ہے۔

قرآن کریم کی پرنٹنگ کے دوران اس کمپلیکس میں کوالٹی کنٹرول پر نہایت سختی کے ساتھ نظر رکھی جاتی ہے۔ وزارت برائے اسلامی امور کے ذریعہ بھی اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ مختلف شعبوں میں مطالعہ کرنے والے ماہر اسکالروں کے ایک پینل کے ذریعہ قرآن کریم کی عبارت کا باریکی سے جائزہ لے کر انہیں جاری کرنے سے پہلے مکمل تصدیق کی جائے۔

اس کمپلیکس میں ایک ایسی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے کہ وہ پروڈکشن کے دوران مختلف مراحل یعنی پرنٹنگ، ترتیب اور بائنڈنگ سمیت تمام کاموں میں اس امر پر اپنی عمیق توجہ مرکوز رکھے کہ کہیں بھی ذرہ برابر غلطی کا خدشہ باقی نہ رہے، چنانچہ قرآن کریم کی اشاعت کے دوران ہر مرحلہ پر چیکنگ ہوتی ہے۔

ویب سائٹ پر اس کمپلیکس کے مقاصد درج کئے گئے ہیں۔ اس کی دیگر ذمہ داریوں اور کار گزاریوں کے علاوہ اس بات کی بھی وضاحت کی گئی ہے کہ یہاں پر قرآن کریم کی پرنٹنگ اور تلاوت معروف روایت کے مطابق ہوتی ہے، جس میں قرآن کریم کی روایتی آڈیو ریکارڈنگ سے میلان کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تفسیر اور ترجمہ کو سنت کی روشنی میں چیک کیا جاتا ہے۔

اس کمپلیکس کے اہم ڈویژنوں میں ہائی کمیشن، اسکالرز کونسل فار ریویژن آف دی مدینہ مشاف، ریکارڈ کی نگرانی کرنے والی کمیٹی، ٹرانسلیشن سینٹر، سینٹر آف ریسرچ اینڈ اسلامک اسٹڈیز اور قرآنی اسٹڈیز سینٹر شامل ہیں۔ اعلیٰ ترین کوالٹی اور تصدیق شدہ قرآن کریم جاری کرنے کی اہم ذمہ داری انہی شعبہ جات کی ہے۔

اسلامی طرز تعمیر کے ڈیزائن والے اس کمپلیکس کو دسمبر 1995ء میں بھی ایک باوقار ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ ڈھائی لاکھ مربع میٹر رقبہ پر محیط اس کمپلیکس میں نہ صرف ایک مسجد قائم ہے بلکہ انتظامیہ کی عمارتیں، دیکھ بھال کرنے کا شعبہ، پرنٹنگ پریس، ویئر ہاؤس، ٹرانسپورٹ کا شعبہ، مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ، لوڈنگ کی سہولت، ڈسپنسری، لائبریری اور ایک ریسٹورنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

جب شاہ فہد نے اس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ ’’ہمیں امید ہے کہ یہ پروجیکٹ رحمت اور نیکیوں کا ایک ذریعہ بن جائے گا۔ سب سے اول بات تو یہ ہے کہ قرآن کریم کے تعلق سے خدمات انجام دینے کا شرف حاصل ہو جائے گا۔ دوسری بات یہ ہے کہ اس کے توسط سے پوری دنیا میں دین کی خدمت کا بھی موقع مل جائے گا۔‘‘

شاہ فہد نے مزید کہا تھا ’’ اللہ تعالیٰ کی ذات پاک سے امید کرتے ہیں کہ وہ ان تمام کاوشوں میں نہ صرف ہماری مدد اور رہنمائی کرے گا بلکہ اس دنیا میں اور آخرت میں اس کا اجر عظیم بھی دے گا۔ ہمیں یہ بھی امید ہے کہ اس کام سے دنیا کے تمام مسلمان مستفید ہوں گے اور قرآن کریم کے ایک ایک لفظ پر غور و فکر کرکے اپنی زندگی میں اس پر عمل کریں گے۔‘‘

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے