تازہ ترین

پیرس میں فیشن نمائش۔ 21 پاکستان کمپنیاں شرکت کریں گی

پیرس میں فیشن نمائش۔ 21 پاکستان کمپنیاں شرکت کریں گی
  • واضح رہے
  • اگست 27, 2019
  • 6:54 شام

چار روزہ فیئر آئندہ 16 ستمبر سے شروع ہوگا، جس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ آف پاکستان (ٹڈاپ) نے پاکستان پویلین قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پیرس -- فرانس کے دارالحکومت پیرس میں 16 سے 19 ستمبر تک ہونے والی ٹیکس ورلڈ/ اپیرل سورسنگ/ لیدر ورلڈ نمائش میں پاکستان کی 21  فیبرک، گارمنٹس اور لیدر گارمنٹس بنانے والی کمپنیاں شرکت کریں گی۔ ملکی ٹیکسٹائل کے فروغ اور غیر ملکیوں کی توجہ سمیت بڑے برآمدی آرڈرز کے حصول کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ آف پاکستان (ٹڈاپ) نے 4 روزہ فیئر میں پاکستان پویلین قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پیرس دنیا میں فیشن کا سب سے بڑا مرکز ہے۔ ٹیکس ورلڈ پیرس ٹیکسٹائل کو اسکی تمام انواع کے ساتھ بہترین انداز میں پیش کرتا ہے۔ یہ ایک نہایت اہم نمائش ہے کہ جس میں دنیا بھر سے نمائش کنندگان اپنی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کرتے ہیں۔ نمائش میں پاکستان کی طرف سے ٹڈاپ ’’پاکستان پویلین‘‘ کا انعقاد کرے گا۔

متوقع طور پر 80  فیصد سے زائد تجارتی خریدار فرانس کے بجائے دیگر ہورپی ممالک سے آئیں گے، جس میں برطانیہ، فرانس، ترکی، اسپین، اٹلی اور جرمنی کے درآمد کنندگان بڑی تعداد میں شامل ہیں۔ یہ نمائش دنیا بھر کے فیشن انڈسٹری سے جڑے ہوئے افراد کیلئے ایک اہم نمائش ہے۔

ماس فرینکرٹ پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 2018  میں دنیا بھر سے 1,653 نمائش کنندگان جبکہ 11 ممالک کے 14 ہزار 917 تجارتی خریداروں نے اس نمائش کا رخ کیا۔ ٹیکس ورلڈ ڈینم ویور اور ڈینم بنانے والے بڑے ممالک جیسے کہ چین، بنگلہ دیش، پاکستان، ترکی اور انڈیا کو ایک جگی جمع کرتی ہے۔

لیدر ورلڈ یورپ میں لیدر اور اس سے جڑی مصنوعات کیلئے مخصوص نمائش ہے۔ خام مال سے لے کر تیار اشیاء اور جانوروں کی کھال سمیت ہر قسم کے لیدر کو نمائش کیلئے رکھا جاتا ہے۔ اس نمائش میں دنیا بھر سے فیشن مصنوعات بنانے والے بڑے ممالک جن میں بنگلہ دیش، چین، کمبوڈیا، کوریا، بھارت، انڈونیشیا، سری لنکا، تائیوان، تھائی لینڈ، ترکی اور پاکستان شامل ہیں، اس نمائش کا حصہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان سے براہِ راست اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ٹڈاپ) کے تحت اس نمائش میں اسٹال لگائے جائیں گے۔

 

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے