تازہ ترین

محو پرواز روسی طیارے میں آگ لگ گئی۔ 13 ہلاک

محو پرواز روسی طیارے میں آگ لگ گئی۔ 13 ہلاک
  • واضح رہے
  • مئی 6, 2019
  • 2:11 صبح

ماسکو ایئر پورٹ پر پیش آنے والے خوفناک واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آگ لینڈنگ کے دوران بھڑکی۔

روسی خبر ایجنسی کے مطابق قومی فضائی کمپنی کی جانب سے آپریٹ کئے جانے والے سخوئی ایس ایس جے 100 طیارے میں اس وقت آگ لگی جب یہ محو پرواز تھا، جس کے باعث اسے ہنگامی لینڈنگ کرتے ہوئے ماسکو ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔

روس کے شہر شریمتیوف سے اُڑان بھرنے والے سُپر جیٹ طیارے میں عملے سمیت 78 سوار تھے۔ آتشزدگی کے واقعے میں 2 بچوں سمیت 13 مسافر ہلاک ہوئے، جبکہ 6 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

واقعہ کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماسکو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت مسافروں نے طیارے سے چھلانگیں لگانا شروع کر دی تھیں، جبکہ کچھ اپنا سامان بھی آتشزدگی سے بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔

تاہم شریمتیوف شہر کے ہوائی اڈے کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی روس کے شہر مرمانسک کیلئے پرواز بھرنے والے طیارے میں تکنیکی خرابی پر اسے واپس بلایا گیا تھا، مگر لینڈنگ کے دوران اس میں بھڑک اٹھی۔

بعض رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ لینڈنگ سے پہلے جہاز نے کئی بار جھٹکے کھائے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ پائلٹ پہلی کوشش میں کریش لینڈنگ نہیں کرسکا تھا۔ دوسری کوشش میں لینڈنگ گیئر اور پھر نوز زمین سے ٹکرائی جس سے طیارے میں میں آگ لگی۔ ایک اطلاع کے مطابق طیارے میں دوران پرواز آگ لگی تھی، جبکہ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کو حادثے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

روسی حکام نے طیارے میں آتشزدگی اور کریش لینڈنگ کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے طیارے میں کسی شخص کے پاس برقی آلات تو نہیں تھے۔ واضح رہے کہ کئی ممالک میں پرواز میں برقی آلات لے جانے پر پابندی ہے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے