تازہ ترین

کروشیا میں مسلسل دوسرے روز زلزلہ۔ کئی عمارتیں منہدم۔ بچی سمیت دو ہلاک

magnitude-6-4-earthquake-strikes-croatia
  • واضح رہے
  • دسمبر 29, 2020
  • 9:39 شام

6 اعشاریہ 4 شدت کے زلزلے کے آفٹر شاکس سربیا، آسٹریا، سلواکیہ اور اٹلی سمیت متعدد ممالک میں محسوس کئے گئے ہیں

زغرب: یورپی ملک کروشیا میں دو روز میں دوسری بار زلزلہ آیا ہے۔ آج منگل کے روز آنے والے جھٹکے زیادہ خطرناک تھے، جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں منہدم ہوگئی ہیں۔ جبکہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایک بچی سمیت دو ہلاک اور 17 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق جھٹکوں کی شدت چھ اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی، غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز 10 کلومیٹر زیر زمین تھا۔ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے جھٹکے کروشیا کے ہمسایہ ممالک سلووینیا میں بھی محسوس کئے گئے، جہاں جوہری پلانٹ کو احتیاطی تدبیر کے طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سربیا، آسٹریا، سلواکیہ، اٹلی، ہنگری، رومینیا اور جرمنی میں بھی اس کے آفٹر شاکس محسوس کئے گئے ہیں۔ کرویشین حکام نے سرکاری ریڈیو پر بتایا ہے کہ دور دراز علاقوں سے ہونے والے نقصان کی رپورٹس اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کئی عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔ اب تک دو افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں ایک بچی شامل ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ زلزلے کی شدت اتنی شدید تھی کہ مزید جانی نقصان ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ کروشیا میں رواں ماہ آنے والا تیسرا زلزلہ ہے۔ اس سے قبل 12 دسمبر اور اس کے بعد گزشتہ روز بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔ گزشتہ روز آنے والے زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس مشکل وقت میں یورپی یونین نے کروشیا کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی ہمدردیاں ہلاک ہونے والی بچی کے اہلِ خانہ، تمام زخمی افراد اور بے گھر ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے