تازہ ترین

امریکی اداکارہ کو رشوت دیکر بیٹیوں کے کالج میں داخلے پر 2 ماہ قید

Lori Loughlin begins 2-month prison sentence in college admissions scandal
  • واضح رہے
  • نومبر 2, 2020
  • 1:38 شام

56 سالہ لوری لافلن نے بیٹیوں کو کالج میں ایڈمیشن دلانے کیلئے 5 لاکھ ڈالر رشوت دی تھی۔ کیس میں ان کے شوہر کو بھی سزا سنائی جاچکی ہے

کیلی فورنیا: رشوت دے کر بیٹیوں کو کالج میں داخلہ دلوانے والی امریکی اداکارہ لوری لافلن نے جرم ثابت ہونے پر خود کو ریاست کیلی فورنیا کے شہر ڈبلن کے وفاقی مرکزی جیل انتظامیہ کے حوالے کر دیا، جہاں وہ دو ماہ کی قید کی سزا کاٹیں گی۔ رشوت اسکینڈل 2018 میں سامنے آیا تھا۔

لوری لافلن اور ان کے شوہر فیشن ڈیزائنر موسمو گیانولی کو رواں برس اگست میں امریکی ریاست میساچوٹس کے شہر بوسٹن کی ضلعی عدالت نے مجرم قرار دیتے ہوئے جیل اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ دونوں میاں اور بیوی پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنی دو جوان بیٹیوں کو یونیورسٹی آف سدرن کیلی فورنیا کے کالج میں داخلہ دلوانے کے لیے 5 لاکھ امریکی ڈالر کی رشوت دی تھی۔

دونوں نے عدالت میں کیس چلنے کے بعد ابتدائی طور پر الزامات کو مسترد کیا تھا تاہم بعد ازاں دونوں نے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔ دونوں کے خلاف مذکورہ کیس میں گزشتہ برس 2019 کے آخر میں فرد جرم عائد کی گئی تھی، اسی کیس میں اداکارہ فیلیسٹی ہفمین سمیت دیگر 50 شوبز، اسپورٹس، فیشن، ٹی وی، کاروبار اور صحافت سے وابستہ شخصیات پر بھی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

مذکورہ کالج ایڈمشن اسکینڈل 2018 کے آخر میں سامنے آیا تھا اور مارچ 2019 میں امریکی محکمہ انصاف نے اسکینڈل میں ملوث 50 اہم شخصیات پر رشوت کے عوض اپنے بچوں کو کالج میں داخلہ دلوانے کی فرد جرم عائد کی تھی۔ لوری لافلن اور ان کے شوہر نے بھی اپنی دو بیٹیوں کو مذکورہ کالج میں داخلہ دلوانے کے لیے 5 لاکھ ڈالر کی رشوت دینے کا اعتراف کیا تھا، جس پر انہیں جیل اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔

عدالت نے لوری لافلن کو 2 ماہ، جبکہ ان کے شوہر کو 5 ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ دونوں کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ 19 نومبر سے قبل ہی اپنی سزا کاٹنے کے لیے پولیس کے سامنے پیش ہوں گے، تاہم اداکارہ دی گئی مہلت سے قبل ہی پولیس کے سامنے پیش ہوگئیں۔

شوبز ویب سائٹ ڈیڈ لائن نے بتایا کہ اگرچہ لوری لافلن نے خود کو دی گئی مہلت سے قبل ہی پولیس کے حوالے کردیا، تاہم ان کے شوہر رواں ماہ 10 نومبر تک خود کو جیل حکام کے حوالے کریں گے۔ لوری لافلن کے شوہر 5 ماہ تک قید کاٹیں گے جب کہ اداکارہ کو 2 ماہ بعد آزاد کردیا جائے گا۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے