تازہ ترین

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جسینڈا آرڈرن نے دوسری مدت کیلئے حلف لے لیا

Jacinda Ardern Sworn In For Second Term
  • واضح رہے
  • نومبر 7, 2020
  • 12:13 صبح

مقبول رہنما جسینڈا اور ان کے وزرا نے ویلنگٹن کے گورنمنٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران انگریزی اور ماوری زبان میں اپنے اپنے عہدے کا حلف لیا

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے تاریخی فتح حاصل کرنے کے بعد دوسری مدت کے لیے اپنا منصب سنبھال لیا۔ حلف برداری کی تقریب دارالحکومت ویلنگٹن کے گورنمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں جسینڈا آرڈرن نے ماؤری افراد، اپنی ٹیم اور خواتین سے خطاب کیا۔

انہوں نے ماؤری افراد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مجموعی طور پر مختلف پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہیں، انتہائی باصلاحیت، تجربہ کار، بحران سے نمٹنے کی صلاحت اور ملک کی خدمت کا عزم رکھتے ہیں۔ جسینڈا آرڈرن کورونا سے جنگ میں کامیابی کو 17 اکتوبر کی جیت کی وجہ سمجھتی ہیں اور ان کی بائیں بازوں کی لیبر پارٹی کو جنگ عظیم دوم کے بعد اتنی بڑی کامیابی ملی ہے۔

نیوزی لینڈ کے انتخابات کے حتمی نتائج کے مطابق جسینڈا آرڈرن نے 50 فیصد ووٹ حاصل کیے اور 120 نشستوں کے ایوان میں 65 نشستیں حاصل کیں جبکہ ابتدائی نتائج میں 64 نشستیں بتائی گئی تھیں۔ مرکزی اپوزیشن جماعت نیشنل پارٹی کی نشستیں 35 سے کم ہو کر 33 رہ گئی ہیں جس کے بعد ان کی مہم کے سربراہ اور پارٹی کے نائب گیری براؤنلی نے استعفیٰ دے دیا۔

جسینڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ اصلاحات کے لیے ان کے پاس واضح مینڈیٹ ہے تاہم ترجیح کورونا سے نمٹنا اور وائرس سے متاثرہ معیشت کی بحالی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ یقینی بنانا ہے کہ جنہوں نے ہمیں منتخب کیا ہے ہم ان سب کی نمائندگی کر رہے ہیں چاہے وہ شہر، مضافات، جنرل یا ماؤری نشستیں ہیں۔ انہوں نے انفرااسٹرکچر اور سرکاری ہاؤسنگ منصوبوں سمیت توانائی، موسمیاتی تبدیلی، غربت اور عدم مساوات جیسے مسائل پر اصلاحات کا اشارہ دیا۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے