تازہ ترین

ہاں خدا موجود ہے۔۔۔ گزشتہ سے پیوستہ۔۔ حصہ دوم۔۔

  • خرم علی راؤ
  • مئی 17, 2020
  • 9:55 شام

 عدم کا ایک عدیم النظیر شعر ہے" آگہی میں اک خلا  موجود ہے۔۔ اس کے معنی کہ خدا موجود ہے"

ملحد ،ایتھیسٹ، دہریے، مادہ پرست، کم و بیش معنی میں اک طرز-فکر ایک  مائنڈ سیٹ کا نام ہے جن کے نزدیک یہ سارا نظام- عالمین بغیر کسی خالق کے وجود  میں آگیا ہے۔ اور مذہبی تعلیمات نعوذ باللہ صرف قصے اور کہانیاں ہیں، اس طبقے کے مطابق یہ سارا نظام کچھ ایسے اصولوں پر چل رہا ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ کھلتے جئیں گے اور جیسے جیسے فہم و عقل انسانی مزید در مزید ارتقا پذیر ہوتی جائے گی ہم ان مذہبی تصورات و اوہام سے باہر نکلتے جائیں گے جن میں گھرے ہوئے ہیں۔ ان مذہبی تصوارت کی بنیاد اور اساس ایک ایسی زبردست اورلامحدود طاقت رکھنےوالی ذات ہے جسے مذہبی طبقہ خدا یا گاڈ کہتا ہے۔"

یہ خلاصہ ہے اس ملحدانہ طرز فکر کا جو فی زمانہ انٹر نیٹ کی بے پناہ رسائی کے سبب کچے ذہنوں کو مسموم کر رہی ہے۔ ان ملحدین کا طریقہ ء واردات اسی قدیمی منطق پر استوار ہے جو زمانہء قدیم سے مذہبی طبقات کے مقابل آتی رہی ہے بس اب جدیدیت کی آمیزش سے اس پرانی شراب کو نئی بوتل میں پیش کیا جارہاہے۔

کیا خدا ہے؟

تاریخ انسانی میں اِس سے اہم قدر و منزلت والا سوال کوئی اَور نہیں۔ یہ وہ سوال ہے جو انسانی وجود کے آغاز سے اَب تک ہر زمانے کے لوگوں نے پوچھا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ وہ سوال ہے جو علم کی جستجو میں انسانی ذہن اِس اُمید کے ساتھ پوچھتا رہے گا کہ اِس کے جواب میں رنج و الم سے بھری دُنیا میں روشنی، تابندگی، خوشی اور شادمانی ملے گی۔ ایمان پر بحث کرنے سے پہلے غالباً یہ سب کئے جانے والے سوالات میں سے اہم ترین ہے جس کا جواب دینا ازحد ضروری ہے۔

مختلف آراء اور عقائد رکھنے والے لوگوں کے جوابات کو تین لحاظ سے بیان کیا جا سکتا ہے۔

الف - مُلحدوں کا جواب

ایسے لوگ کہتے ہیں: "خدا کا کوئی وجود نہیں اِنہیں احمق کہا گیا ہے کیونکہ یہ کوئی منطقی ثبوت سامنے لائے بغیر اپنے انکار اور بےاعتقادی کو منفی رویے سے سہارا دیتے ہیں۔ ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے کہ کوئی ایسا ملحد نظر آئے جو خدا تعالیٰ پر اپنے عدم ایمان کو مثبت یا منطقی طور پر ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہو۔

ب- لا ادریوں کا جواب

یہ افراد الحاد اور ایمان کے درمیان آتے ہیں، اور اِن میں کسی بھی طرف قائلیت نہیں ہوتی۔ اِن لوگوں کا المیہ یہ ہے کہ اِن کے دِلوں پر شک کے بادل چھائے رہتے ہیں۔ اِن کے جذبات خوف و اِضطراب سے مغلوب ہوتے ہیں۔ اِن میں ایمانی تحریک کی کمی اِنہیں ایمان کی حالت کی نسبت الحاد کے قریب لے آتی ہے۔

کچھ لوگ کہتے ہیں کہ مذہب اپنے تمام پہلوﺅں میں ایک لا ینحل معمہ اور ناقابل دریافت بھید ہے، اور دین کے بارے میں بحث سے زیادہ سے زیادہ جو حاصل ہو سکتا ہے وہ شک اور غیر یقینی ہے۔ بلا شک و شبہ لا ادریت اپنی فکر کے اعتبار سے ذہنی بنجر پن ہے اور انسان کی جہالت کی قابل افسوس حالت میں تنزلی کا باعث بنتی ہے۔ یہ انسان میں اُس کی غیر یقینی اور شک و شبہ کے باعث کئی مثبت اوصاف اور خصوصیات کو ختم کر دیتی ہے، اور ایسے معاملات میں جہاں وہ خدا پر توکّل اور ایمان کے سوا کچھ نہیں کر سکتا اُسے اُس ایمان سے پسپائی پر مجبور کر دیتی ہے۔

ج- ایمانداروں کا جواب

یہ خدا تعالیٰ کے وجود پر اپنے ایمان کا اقرار کرتے ہیں، اور اپنے ایمان کو مادی، عقلی اور حسی تجزیہ کے تابع نہیں کرتے۔ کیونکہ خدا جس پر وہ ایمان رکھتے ہیں وراءالورا ہے، اور اُسے عقل یا حِس کے ذریعے نہیں سمجھا جا سکتا۔ اگر اُسے پانچ حِسّوں کے ذریعے سمجھا جا سکتا تو انسان اپنے خدا سے بڑا بن گیا ہوتا۔ اور پھر اگر حواس سے اُس کا ادراک کیا جا سکتا تو لفظ "ایمان بلغیب " لغت میں شامل نہ ہوتا،

خداوند تعالی کے وجود- مسعود پر لا تعداد ثبوت و دلائل ہیں،یہ لاتعداد میں نے صرف زور تحریر میں نہیں لکھا بلکہ امر واقعہ ہے۔۔

ثبوت پیش کرنے سے قبل، پہلی سچائی جسے سمجھنے کی ضرورت ہے یہ ہے کہ ہمیں خدا کے وجود سے متعلقہ مادی دلائل کی توقع نہیں کرنی چاہئے۔ خدا ناقابل دید ہے اور تمام آسمانی ادیان یہی سکھاتے ہیں۔ ہمیں ایماندار یا صاحبِ ایمان کو یہ کہنے کا کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ ہمیں خدا کو دِکھائے تا کہ ہم اُس کے وجود پر ایمان لا سکیں۔ جو بات ہمیں جاننے سمجھنے کی ضرورت ہے وہ یہ ہے کہ خدا پر ایمان اُس پر ایمان نہ لانے سے بہتر ہے

کچے ذہنوں کو پراگندہ اور منتشر کرنے کے لئے یہ طبقہءملحدین پہلا سوال یہ کرتا ہے کہ" اچھا چلو اگر ہر چیز خدا نے بنائی ہے تو خدا کو کس نے تخلیق کیا ہے؟"

اس سوال کے یوں تو بے شمار جوابات ہیں مگر چند ایک ہی پیش کرتا ہوں جو مخلتف علماء ربانی اور حکماء امت اپنی تحاریر و تقاریر میں دے چکے ہیں۔

اول- یہ سوال ہی بنیادی طور پر غلط ہے کیونکہ نطام- تخلیق مخلوق کے لئے ہوتا ہے خالق اس نظام سے اوپر ہوتا ہے۔ اور جو تخلیق ہو جائے وہ خالق- مطلق نہیں ہو سکتا۔ مثلا انسان نے کمپیوٹر اور انٹر نیٹ کا فی زمانہ ایک نظام تخلیق کر دیا ہے۔۔ مگر یہ نظام انسان کے ماتحت اور تابع ہے اور رہے گا،اور انسان اس نظام کی حدود سے باہر اور اوپر ہےکیوں کہ خالق,  مخلوق میں موجود نظاموں سے بلند و برتر ہوتا ہے۔۔

کائنات کا وجود(قانون- علت و معلول ۔cause&effect)

پہلی بات کہ یہ کائنات کوئی حادثہ نہیں بلکہ تخلیق ہے! اگر یہ کوئی حادثہ ہوتا تو اس میں بے ترتیبی، عدم توازن اور اور بد نظمی ہوتی، مگر جاننے والے جانتے ہیں یعنی ریاضی دان، کوانٹم طبعیات کے ماہرین سے لے کر ماہرین فلکیات اور دیگر سائنسی علوم کے ماہرین کہ یہ کائنات با ترتیب، منظم، اور ایسے زبردست توازن پر استوار ہے جو ذرات کی اندرونی حیرت انگیز دنیا سے لیکر اس وسیع و عریض کائنات میں ہر جا نمایاں ہے،چنانچہ یہ امر ثابت شدہ ہے کہ یہ کائنات حادثہ نہیں بلکہ تخلیق ہے، تو اگر یہ تخلیق ہے تو کوئی تو خالق بھی ہوگا۔ یہ ایک مُسلّم حقیقت ہے کہ ہر معلول کی کوئی علّت ہوتی ہے جو اُس معلول کے ہونے پر قدرت رکھتی ہے۔ کائنات نہ تو ابدی ہے اور نہ اِس نے بذاتِ خود اپنے آپ کو تخلیق کیا۔ اِس لئے یہ ایک معلول یا ایک نتیجہ ہے، یعنی اِس کی اِس سے باہر ایک علت ہے جو اِس کے ہونے پر قادر تھی۔ اِس سے فطری طور پر حقیقی اور دائمی وجود رکھنے والی ایک علت کی پہچان لازمی ٹھہرتی ہے، کیونکہ لا شے کسی شے کو وجود نہیں دے سکتی۔

کائنات کی عارضی فطرت کے کئی دلائل ہیں، جن میں سے ہم دو کا ذِکر کر رہے ہیں:

(1) دُنیا اپنی موجودہ صورت میں مسلسل تغیر پذیر ہے، اور ہر متغیر شے ایک آغاز رکھتی ہے۔

(2) مسلسل ارضیاتی انقلابات جو دُنیا میں کئی بڑی جغرافیائی تبدیلیوں کا سبب بنے ہیں ظاہر کرتے ہیں کہ یہ دُنیا  ازلی  اور ابدی نہیں بلکہ عارضی اور متغیر ہے۔

یہ کہنا کہ دُنیا واجب الوجود ہے (یعنی خود سے موجود ہے) عقل سلیم کے برعکس ہے۔ دُنیا اَن گِنت عناصر سے مل کر بنی ہے اور ہر بنی ہوئی شے ایک معلول ہے (یعنی اُس کا کوئی سبب ہے)۔ جدید دریافتوں کی گواہی ظاہر کرتی ہے کہ یہ کائنات ایک ہاتھ کی کاریگری ہے۔ اِس میں پائی جانے والی تمام مخلوقات عقل واحد نے مرکب و منظم کی ہیں۔ یہ قطعی طور پر واضح ہے کہ ایک خالق عظیم وجود رکھتا ہے جو سب چیزوں کی عِلّت اصلی اور ذاتِ واجب الوجود  ہے۔

آپ سوچیں گے کہ کوئی سوال بنیادی طور پر ہی غلط کیسے ہو سکتا ہے تو مثال حاضر ہے۔۔ اگر آپ کسی ڈاکٹر سے یہ کہیں کہ مسٹر جان یا پھر مسٹر خان اسپتال میں داخل ہو گئے ہیں آپ بتائیں کہ ان کے یہاں لڑکا ہوگا یا لڑکی؟ تو جوابا ڈاکٹر صاحب آپ کو جن نظروں سے گھوریں گے ان سے آپ کو بنیادی طور پر سوال کیسے غلط ہوتا ہے, سمجھ آجائے گا۔۔ منکرین- خدا کی عقول شاید یہ بات سمجھنے سے قاصر ہیں حالانکہ وہ خود کو بہت ہی عقلمند سمجھتے اور ظاہر کر تے ہیں کہ کوئی شئے ان کی عقول سے ماوراء بھی ہو سکتی ہے، عقل چراغ راہ ضرور ہے مگر منزل نہیں ہے،

دوم- چلیں اگر بالفرض محال کوئی اسکا جواب دے کہ مثلا خدا کو الف نے تخلیق کیا ہے تو پھر منطقی طور پر اگلا سوال یہی ہوگا  کہ الف کو کس نے تخلیق کیا، جواب ملے کہ ب نے تو پھر اگلا سوال کہ ب کو۔۔؟ اور یہ تکراری سلسلہ کبھی ختم نہیں ہو سکتا اس لئے اوپر دیئے ہوئے عدم کے شعر کا مطلب اب سمجھ میں آجانا چاہیئے کہ اس ناقابل اختتام تکراری سوال میں جہاں آپ تھک کر رکیں گے اور اعلان- اختتام کریں گے وہیں خدا ہوگا۔ "جہاں سارے عالم کی ساری مخلوقات کی عقول کی حدود کا اختتام ہوتا ہے، میرے اللہ کی بڑائی کا وہیں سے آغاز ہوتا ہے"،

خالق کا تخلیق ہونے سے بالا تر ہونا ہی اس کے خالق ہونے کی دلیل محکم ہے۔ ہماری عقول کی وسعت چاہے کتنی بھی ہو آخر کار اس کی ایک حد ہے جبکہ جس خدا کو ہم مانتے ہیں وہ زمان و مکان سے بے نیاز و بالاتر اور خالق زمان و مکان ہے۔ لامحدود ہے، تو چھوٹے برتن میں بڑا برتن کیسے سما سکتا ہے۔ خدا ہماری عقول میں کیسے آسکتا ہے، ایک مؤحد فلسفی یعنی متکلم سے اس کے شاگرد نے کہا کہ استاد جی ،

یہ دعوا تو بظاہر محل- نظر ہے ! عقل میں ہر چیز آ سکتی ہے تو خدا کیوں نہیں سما سکتا، شاگرد ہونہار تھا اس لئے استاد اسے ساحل سمندر پر لے گئے اور فرمایا کہ یہاں ریت ہٹا کر ایک گڑھا کھودو، شاگرد نے ایک بڑا سا گڑھا کھود دیا،تب استاد بولے،"اب سمندر کا سارا پانی اس گڑھے میں ڈال دو ، بولا، یہ نہیں ہوسکتا سارا پانی اس گڑھے میں کیسے آ سکتا ہے؟، بولے تو اسی طرح محدود عقول میں لامحدود ذات- مطلق کیسے سما سکتی ہے۔ اور جناب امام-اعظم امام ابو حنیفہ رح کا عباسی خلیفہ المنصور کے دربار میں ایک ملحد فلسفی عالم سے ہونے والا مناظرہ تو بہت مشہور و معروف ہے،

جس میں آپ نے اسکے ان تین سوالوں کا عقلی جواب دیا تھا جن سوالوں

سے وہ بہتوں کو ذات واجب الوجود کے بارے میں شک میں ڈال چکا تھا۔ 1) خدا سے پہلے کیا تھا؟2) اگر کوئی خدا موجود ہے اسکی جہت کیا ہے یعنی کہ اسکا رخ کس طرف ہے؟ 3) اگر کوئی خدا ہے تو وہ اس لمحے میں کیا کررہا ہے؟۔۔ آپ نے اسکی ایسی عقلی تسلی کی اور لاجواب مشاہداتی دلائل دیئے  کہ وہ خجل و خوار ہوکر بھاگ گیا۔۔جوابات نہیں بتاؤں گا وہ آپ خود تلاش کر کے ذرا علمی جستجو کی لذت سے آشنائی تو پیدا کریں۔

اسی طرح ایک روایت یہ بھی ملتی ہے گو وہ ذرا سا موضوع سے ہٹ جاتی ہے مگر منطق کے دلدادوں کے لئے شاید کچھ سامان تسکین بہم پہنچا سکے کہ ایک شکی نے تین سوال بنائے اور عقلی جواب مانگا، ایک خدا ہے تو نظر کیوں نہیں آتا؟، دوم، اگر ہر شئے خدا کی مرضی کے تابع ہے تو ہم کس بات کا آخرت میں حساب دیں گے؟ یعنی ہم گناہ بھی تو پھر نعوذ باللہ خدا کی مرضی سے ہی کرتے ہیں، اورتیسرا یہ کہ اگر شیطان آگ کا بنا ہوا ہے تو پھر جہنم کی آگ اس پر کیسے اثر کرے گی؟ القصہ المختصر اسے کہیں تسلی بخش جواب نہ مل پایا تو کسی نے ایک مجذوب کا بتایا کہ وہاں جا،تھے جوابات مل جائیں گے،

وہ وہاں پہنچا، اور مجذوب صاحب سے تینوں سوال کئے، انہوں نے غور سے یہ تینوں سوال سنے اور اطمینان سے ایک مٹی کا بھاری ڈھیلا اسے دے مارا اور اس اچانک چوٹ سے وہ درد سے کراہ اٹھا اور طیش میں آکر سیدھا قاضی کے پاس پہنچا اور مقدمہ کردیا ،قاضی صاحب نےاس درویش مجذوب کو عدالت میں بلالیا اور وضاحت طلب کی،وہ بولے کہ جناب قاضی صاحب میں نے تو پتھر مار کر اسکے تینوں سوالات کے جوابات دیئے ہیں،کوئی جرم تھوڑی نا کیا ہے،قاضی صاحب نے حیران ہوکردریافت کیا کہ وہ کیسے؟ وہ بولے ، اس سے پوچھیں کہ جب میں نے اسے ڈھیلا مارا تو اسے کیا محسوس ہوا،شکی نے جواب دیا کہ درد ہوا اور کیا ہوتا؟آپ نے فرمیا کہاں ہے درد دکھاؤ؟ وہ بولا ،درد دکھائی تھوڑی نا دیتا ہے ،محسوس ہوتا ہے،

آپ نے فرمایا کہ ایسے ہی خدا دکھائی نہیں دیتا پر محسوس ہوتا ہے، پھر فرمایا ،کہ جب تیرا یہ دعوی ہے کہ ہر فعل خدا کی مرضی سے ہے تو پھر تو قاضی کے پاس کیوں آیا، مرضیء رب سمجھ کر برداشت کر لیتا، اللہ پاک نے بندوں کو کچھ اختیار اپنی اجازت سے دیا ہے اور اسی کے استعمال کا حساب ہوگا۔ مزید کہا کہ ابلیس کو آگ کا بناہوا ہونے کے باوجود جہنم کی آگ اسی طرح تکلیف دے گی جیسے مٹی کا پتلا ہونے کے باوجود مٹی کے ڈھیلے کے لگنے سے درد ہوا ۔ وہ شکی دنگ رہ گیا۔۔

سوم۔ باب العلم حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے بھی ایک منکر و دہریےاور طبعی علوم کے ماہر ملحد فلسفی نے اسی امکان-وجود باری تعالی اور آخرت پر عقلی جواب کچھ یہ کہتے ہوئے مانگا تھا کہ میں دہریہ ہوں ،اس لئے میری تسلی عقلی جواب سے ہوگی نقلی ( یعنی نقل شدہ علوم قرآنِ پاک اور احادیثِ مبارکہ کے علوم ) جواب سے نہیں کہ  یہ قبر حشر آخرت ،خدا سب گھڑی ہوئی کہانیاں ہیں ،مر کر ہم بھی ختم ،مٹی ، اورتم خدا پرست بھی مٹی، ختم ،کچھ نہیں ہے آگے ،تو شیرخدا باب العلم حضرت علی کرم اللہ وجہ نےجو فرمایا تھا اس کا مفہوم کچھ یوں ہے کہ" تیرے سوال کے دو عقلی جواب ہو سکتے ہیں ایک یہ کہ تو جویہ کہتا ہے کہ خدا، حشر،

آخرت، جنت دوزخ سب کہانیاں ہیں وہ درست ہے اور دوسرا جو ہم کہتے ہیں کہ یہ سب اسی طرح سے موجود ہے جیسے الہامی تعلیمات میں بتایا گیا ہے وہ درست ہے، کیا کوئی تیسری صورت بھی تیری عقل میں آتی ہے؟،وہ بولا نہیں ! یہ دو ہی باتیں عقلی طور پر ہوسکتی ہیں یا سب نہیں ہے یا ہے۔ حضرت امیر المومنین باب العلم حضرت علی کرم اللہ وجہ  نے فرمایا ، تو سنو،اگر تم درست ہو تو مرنے کے بعد تم بھی ختم ہم بھی ختم، کسی کا کچھ نقصان نہ فائدہ ۔ لیکن آدھا امکان تو تمھارے "ہی" مطابق بھی یہ ہے کہ ہم جو کہتے ہیں وہ درست ہے تو پھر اگر یہ سب ہوا تو ہم تو اس رب کریم کے فضل اور رحمت سے بچ جائیں گے اور تھمارے جیسے منکر دائمی سزاؤں میں پھنس جائیں گے۔ اتنا بڑا خطرہ مول لے سکتے ہو؟

وہ سوچتا رہا اور پھر بولا نہیں اتنا بڑا خطرہ مول نہیں لیا جاسکتا،واقعی اگر یہ سب ہوا تو میں تو مارا جاؤں گا۔۔اور مسلمان ہوگیا!

آخر میں ایک سوال برائے ملحدان" آپ کے پاس کیا ثبوت ہے کہ خدا نہیں ہے؟"

ماخذات:

  1. القرآن الکریم
  2. روایات و درایات
  3. THE BLIND WATCH MAKER, BY Dr.R Dowkinz
  4. EVOLUTION:The theory in crisis, byM Deaten
  5. In The bigning was Information, by john .w.gitt..
  6. رد-فلاسفہ،حجتہ الاسلام امام ابو حامد غزالی۔۔

خرم علی راؤ

خرم علی راؤ،، پیشے کے اعتبار سےسائنس ٹیچر ہیں،،کالم نگار،بلاگر،پروفیشنل ترجمہ نگار، بھی ہیں،

خرم علی راؤ