تازہ ترین

کرکٹ اور کرائم ساتھ ساتھ

cricket aur crime sath sath
  • واضح رہے
  • مئی 21, 2021
  • 11:30 صبح

آسٹریلیا کے فاسٹ بالر ایرون سمرز کا نام بچوں سے بدفعلی کی پاداش میں گزشتہ دنوں ہی اس ناپسندیدہ فہرست میں شامل ہوا ہے

ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں تاسمانیا کی نمائندگی کرنے والے ایرون سمرز کو آسٹریلوی پولیس نے بچوں سے جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔ ان کے موبائل فون میں بچوں کی تصاویر اور بدفعلی کی متعدد ویڈیوز پائی گئیں۔ اس کے علاوہ موبائل سے 10 بچوں سے جنسی روابط رکھنے کے ثبوت بھی ملے ہیں۔

کرکٹ اور کرائم دو مختلف چیزیں ہیں، لیکن وہ یہ دونوں تقریباً ہر دور میں ہی ساتھ ساتھ رہے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں اور کتنے کھلاڑی جرائم کی دلدل میں پھنسے اور انہیں کیا سزائیں ہوئیں۔

ویسٹ اندیز سے تعلق رکھنے والے ایک سابق فرسٹ کلاس کرکٹر وارنگٹن فلپ پر اپنی اہلیہ کے قتل کا الزام عائد کیا گیا۔ 2006ء میں ان کی اہلیہ شرمل ولیم گاڑی میں مردہ پائی گئیں، ان کا سر گردن سے جدا کردیا گیا تھا۔

شریک حیات کے قتل کے شبے میں سابق ویسٹ انڈین اسپنر وارنگٹن فلپ کی گرفتاری عمل میں آئی، پولیس نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی اور مقدمہ چلایا۔ دو برس کی تحقیقات کے بعد 15 نومبر 2008ء کو چارلزٹن کی عدالت نے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر کو مجرم قرار دیا۔ تاہم اس وقت ان کی سزا کا تعین نہیں کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کا واحد کرکٹر جسے پھانسی دی گئی

6 فروری 2009ء کو وارنگٹن فلپ کو عدالت عظمیٰ کی جانب سے عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ واضح رہے کہ وارنگٹن نے آخری وقت تک اعتراف جرم کیا نہ ہی خود کو بے گناہ ثابت کرسکے تھے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق وارنگٹن فلپ گاڑی کی پچھلی سیٹوں پر چھپ کر بیٹھے تھے جب انہوں نے ظالمانہ انداز میں تیز دھار چھری سے اپنی اہلیہ کا گلا کاٹ کر انہیں ہلاک کیا۔

رپورٹ کے مطابق انہوں نے لاتعداد مرتبہ اپنی شریک حیات پر خنجر سے وار کئے تھے۔ عدالت میں 26 مقامی افراد نے بھی اس حوالے سے اپنے بیانات ریکارڈ کرائے۔ 43 سالہ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اب نیوس جیل خانے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

وارنگٹن فلپ نے فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے دو برس بعد 2002ء میں شرمل ولیم سے شادی کی تھی۔ سابق ویسٹ انڈین اسپنر کو فرسٹ کلاس کرکٹ کیریئر کے 43 میچوں میں 148 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے اپنی عمدہ گیند بازی کے ذریعے اروندا ڈی سلوا اور برائن لارا جیسے نامور بیٹسمینوں کی وکٹ بھی حاصل کی۔

اسی طرح سابق جنوبی افریقی فرسٹ کلاس کرکٹر لوری ولماٹ بھی غیر معمولی جرم میں ملوث پائے گئے، جس پر شرمندہ ہو کر انہوں نے خود کشی کرلی۔ پروٹیز بیٹسمین اور جنوبی افریقہ کے مشرقی صوبے کی ٹیم کے سابق کپتان لوری ولماٹ نے 56 برس کی عمر میں 13 سالہ لڑکی پر تشدد کیا۔

جنوبی افریقی نیوز ایجنسی ساپا کے مطابق اس واقع کے بعد لوری ولماٹ کی اہلیہ نے ان سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ متاثرہ لڑکی کی اپیل کے بعد جنوبی افریقی سابق فرسٹ کلاس کرکٹر کے خلاف عدالتی کارروائی کی گئی۔ 2000ء میں جرم ثابت ہونے پر کیپ ٹاﺅن کی عدالت نے لوری ولماٹ کو 12 برس قید کی سزا سنائی۔

تاہم سزا کے باوجود وہ قید سے رہائی پانے میں کامیاب ہوگئے، لیکن 29 فروری 2004ء میں گھر کے باہر ان کی لاش ملی۔ جنوبی افریقی نیوز ایجنسی ساپا کے مطابق لوری ولماٹ نے گراہمز ٹاﺅن میں گولی مار کر خود کشی کر لی تھی۔

ساپا کے بقول 60 سالہ ولماٹ کے پڑوسی نے پولیس کو ان کی موت کی اطلاع دی۔ مقتول کی باڈی کے پاس سے ایک خط بھی برآمد کیا گیا جس میں خود کشی کی وجوہات درج تھیں۔

اسی طرح سابق جنوبی افریقی فاسٹ بالر مکھایا انٹینی خاتون سے زیادتی کے مرتکب قرار پائے۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ 1998ء میں مکھایا اینٹینی نے ایسٹ لندن میں ایک خاتون کا ریپ کیا، تاہم وہ 6 برس کی قید کی سزا سے بچ گئے اور کچھ ہی عرصہ جیل میں گزار کر باہر آگئے۔

بنگلہ دیش میں سابق ٹیسٹ کرکٹر شہادت حسین اور ان کی اہلیہ یاسمین کو 11 سالہ ملازمہ محفوظہ اختر ہیپی پر تشدد کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ ملازمہ پر تشدد کے کیس پر بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے شہادت حسین کو معطل کر دیا تھا تاہم بعدازاں عدالت سے ضمانت ملنے پر انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی گئی لیکن کسی ٹیم نے انھیں منتخب نہیں کیا تھا۔

ستمبر 2015ء کو محفوظہ اختر ہیپی ایک گلی میں اس حالت میں پائی گئی تھیں کہ ان کے جسم پر متعدد زخموں کے نشان تھے، اور ان کی ایک ٹانگ ٹوٹی ہوئی تھی۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ شہادت حسین اور ان کی اہلیہ کے گھر میں کام کرتی تھیں اور انھیں مارا پیٹا گیا اور ان پر تشدد کیا گیا ہے۔

بھارت کا ایک غیر معروف کھلاڑی جیکب مارٹن انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث رہا۔ اسے 2011ء میں ثبوت و شواہد ملنے کے بعد گرفتار کیا گیا کہ اس نے نوجوان لڑکوں کی ایک کرکٹ ٹیم تشکیل دینے کی آڑ میں 2003ء میں غیر قانونی طور پر لڑکوں کو برطانیہ بھیجا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ بھارت کیلئے 10 ون ڈے میچز کھیلنے والا جیکب تہار جیل میں ہے۔

اسی طرح برطانیہ میں کوکین اسمگلنگ کے الزام پر سابق انگلش آل راؤنڈر کرس لوئس بھی جیل کی ہوا کھا رہے ہیں۔ انہیں 2009ء میں جوس کے ڈبوں، سبزیوں کے ٹن اور کرکٹ کٹ میں منشیات رکھنے پر 13 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی، جو اگلے برس مکمل ہوگی۔

واضح رہے کہ بہت سے کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ کے جرم میں بھی جیل جانا پڑا ہے، جن میں ہنسی کرونی، محمد اظہر الدین، سلیم ملک، ایڈورڈ پولی وغیرہ شامل ہیں۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے