پاکستان آئندہ برس ٹی ٹوئنٹی طرز پر کھیلے جانے والے ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا۔ اس بات کا فیصلہ سنگاپور میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جس میں پاکستان کی نمائندگی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے کی۔
ایشیائی کرکٹ ٹورنامنٹ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل کھیلا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان نے حاصل کرلی ہے۔ تاہم ابھی اس بات کا فیصلہ نہیں ہو سکا ہے کہ ایشیا کپ کے میچز پاکستان میں ہوں گے یا متحدہ عرب امارات میں ہوں گے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ ایشیا کپ میں شریک دیگر ٹیموں پر منحصر ہوگا۔
ادھر پی سی بی نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو اپنی سیکورٹی ٹیم پاکستان بھیجنے کی دعوت دے دی ہے، جس کے بعد یہ امکان بھی بڑھ گیا ہے کہ ایشیا کپ کے میچز پاکستان اور امارات دونوں مقامات پر ہوسکتے ہیں۔ پی سی بی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جلد ایشیا کپ کی میزبانی کیلئے شہر کا نام فائنل کرکے تیاری شروع کردی جائے گی۔
سنگاپور میں ہونے والے اجلاس میں بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیشن اور افغانستان کے حکام نے بھی شرکت کی۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اکتوبر میں ہوگا جبکہ پاکستان ایشیا کپ ٹورنامنٹ ستمبر میں کرائے گا۔
واضح رہے کہ2008 میں کراچی نے 50 اوورز کے ایشیا کپ کی میزبانی کی تھی۔ ایشین کرکٹ کونسل اپنے نشریاتی حقوق فروخت کرنے اور دفتر قائم کرنے کیلئے جلد کام شروع کردے گا۔
دوسری جانب ایشین گیمز میں کرکٹ کو واپس شامل کرلیا گیا ہے اور چین میں 2022 میں ہونے والے گیمز میں اب کرکٹ بھی کھیلی جائے گی۔ ایشین کرکٹ کونسل چین میں کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر اور دیگر کاموں کا جائزہ لے گا۔