تازہ ترین

واحد ٹی 20 میں پاکستان کو شکست کا سامنا

England v Pakistan - Vitality International Twenty20
  • واضح رہے
  • مئی 5, 2019
  • 10:56 شام

انگلش ٹیم کے قائد ایان مورگن نے کیپٹن اننگ کھیلتے ہوئے آخری اوور میں گرین شرٹس سے فتح چھین لی۔

انگلینڈ نے پاکستان کو واحد ٹی 20 میچ میں 7 وکٹ سے ہرا دیا۔قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔ جواب میں میزبان ٹیم نے 3 وکٹیں گنوا کر ہدف حاصل کرلیا۔

کپتان سرفراز احمد نے کارڈف میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت نہ ہوا۔ 31 رنز کے مجموعے پر پاکستان کی دو وکٹیں گر گئیں۔ فخر زمان اور امام الحق دونوں 7، 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر بابر اعظم اور حارث سہیل نے 103 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔ تاہم 16ویں اوور میں حارث سہیل نصف سنچری بنانے کے بعد جوفرا آرچر کی گیند پر ڈیوڈ ویلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ جبکہ اسی اوور میں بابر اعظم بھی 65 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔ نوجوان بیٹسمین نے 42 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے۔

اس کے بعد محمد آصف، عماد وسیم اور فہیم اشرف بالترتیب 3، 18 اور 17 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ حیران کن طور پر کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کرنے ہی نہیں آئے۔ مقررہ 20 اوورز میں پاکستان نے 6 وکٹ کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔

174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز بھی کچھ خاص نہ تھا۔ انگلینڈ کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بین ڈکٹ تھے، جو 9 رنز بناکر عماد وسیم کا شکار بنے۔ اس کے بعد جیمز ونس نے جو روٹ کے ساتھ مل کر اسکور آگے بڑھایا۔ تاہم 66 کے مجموعی اسکور پر وہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر جو روٹ اور کپتان ایان مورگن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا، مگر حسن علی کی گیند پر جو روٹ اہم مرحلے پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 47 رنز بنائے۔ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے بیٹسمین جو ڈینلی نے پاکستانی بالرز کیخلاف جارحانہ انداز اپنایا۔ جبکہ ایان مورگن نے میچ فنش کرنے سے پہلے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

29 گیندوں پر ناقابل شکست 57 رنز بنانے والے انگلش کپتان ایان مورگن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کی طرف سے پی ایس ایل اسٹار محمد حسنین نے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں ڈیبیو کیا اور اچھی بالنگ کرتے ہوئے 4اوور میں 29 رنز دئیے۔ تاہم وہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے