تازہ ترین

پی ایس ایل میں دو مرتبہ چیمپئن بننے والے کھلاڑی

psl main 2 martaba champion banne wale khilarri
  • واضح رہے
  • جون 26, 2021
  • 11:46 شام

شاہد آفریدی اس حوالے سے بدقسمت رہے کہ جس ٹیم کو انہوں نے چھوڑا وہ بعد ازاں چیمپئن بن گئی، جبکہ انجریز کی وجہ سے بھی وہ ایونٹ سے باہر ہوئے

پاکستان سُپر لیگ میں لاہور قلندرز ہی واحد ایسی ٹیم رہ گئی ہے، جس نے اب تک ٹرافی نہیں جیتی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو مرتبہ چیمپئن بنی۔ جبکہ پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز نے ایک، ایک بار پی ایس ایل ٹائٹل اپنے نام کیا۔

دوسری جانب کھلاڑیوں کا انفرادی طور پر جائزہ لیا جائے تو 11 خوش قسمت کرکٹرز نے دو مرتبہ پی ایس ایل چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ’’واضح رہے‘‘ نے اپنے قارئین کی دلچسپی کیلئے ان چیمپئن کھلاڑیوں کی خصوصی پلائنگ الیون مرتب کی ہے۔

محمد رضوان

فہرست میں پہلا نام قومی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا ہے۔ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ رضوان کو لگاتار دو برس چیمپئن رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔ گزشتہ برس وہ پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی طرف سے کھیلے تھے، جو ایڈیشن فائیو کی چیمپئن بنی۔ کراچی کنگز کی منیجمنٹ نے رضوان کو پورے ٹورنامنٹ میں صرف ایک میچ کھلایا تھا۔

2021ء میں محمد رضوان کی قسمت ایسے جاگ اٹھی کہ ملتان سلطانز نے انہیں چُنا اور بعد ازاں ٹیم کا کپتان بھی مقرر کر دیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے رضوان نے ملتان سلطانز کو اپنی قیادت میں چیمپئن بنا دیا اور خود بھی دو مرتبہ چیمپئن بن گئے۔

رائیلی روسو

2019ء میں جب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹرافی اپنے نام کی تو جنوبی افریقہ کے رائیلی روسو فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔ اس طرح گزشتہ دنوں ملتان سلطانز پہلی بار پی ایس ایل چیمپئن بنی تو اس میں بھی رائیلی روسو شامل تھے۔

فائنل میں انہوں نے 20 گیندوں پر نصف سنچری بناکر سلطانز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اور اس امر پر خوشی کا اظہار بھی کیا کہ وہ مرتبہ چیمپئن بن چکے ہیں۔

psl main 2 martaba champion banne wale khilarri

شرجیل خان

شرجیل خان افتتاحی پی ایس ایل جیتنے والی اسلام آباد یونائٹڈ میں شامل تھے۔ اس کے بعد 2020ء میں پی ایس ایل فائیو کی فاتح کراچی کنگز کا بھی حصہ رہے۔

محمد سمیع اور آصف علی

فاسٹ بالر محمد سمیع اور ہارڈ ہٹر بیٹسمین آصف علی 2016ء اور 2018ء دونوں مرتبہ پی ایس ایل جیتنے والی اسلام آباد کی ٹیم کا حصہ رہے۔ آصف علی کا کہنا ہے کہ کیریئر میں برا وقت بھی آیا، لیکن اسلام آباد کی فرنچائز نے ہمیشہ ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔

شین واٹسن

افتتاحی پی ایس ایل جیتنے والی اسلام آباد یونائٹڈ میں آسٹریلیا کے شین واٹسن کو پِک کیا گیا تھا، البتہ وہ فاتح اسکواڈ میں شامل نہیں تھے۔ 2019ء میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابی میں انہوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔

صہیب مقصود

قومی بیٹسمین صہیب مقصود 2017ء میں چیمپئن بننے والی پشاور زلمی کا حصہ تھے۔ انہوں نے اس بار انتہائی اہم مواقع پر جارح مزاج بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا۔

خوشدل شاہ

لوئر آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ بھی صہیب مقصود کی طرح 2017ء میں پشاور زلمی میں شامل تھے اور اب موجودہ چیمپئن ملتان سلطانز کے اہم پلیئر ہیں۔

سہیل تنویر

ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ بالر سہیل تنویر پی ایس ایل فور کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ تھے اور اب ملتان سلطانز نے ان کے تجربہ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا پہلا ٹائٹل حاصل کیا ہے۔

چیڈوک والٹن

ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بیٹسمین چیڈوک والٹن پی ایس ایل 2018ء کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ اور 2020ء میں کراچی کنگز کی چیمپئن بننے والی ٹیم کا حصہ تھے۔

دانش عزیز

پاکستان کے نوجوان کھلاڑی دانش عزیز بھی مسلسل دو مرتبہ چیمپئن پلیئر رہے ہیں۔ 2019ء میں جب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فاتح بنی تو وہ اسکواڈ کا حصہ تھے اور اس کے  بعد 2020ء میں جیتنے والی کراچی کنگز میں بھی شامل تھے۔

ادھر سابق کپتان شاہد آفریدی کی پی ایس ایل میں یہ بدقسمتی رہی ہے کہ انہوں نے جس کسی ٹیم میں شمولیت اختیار کی وہ ان کے ہوتے ہوئے چیمپئن نہ بن سکی۔ 2017ء میں فائنل سے قبل زخمی ہوکر پشاور زلمی کے اسکواڈ سے باہر ہوگئے تھے۔ یوں فاتح اسکواڈ کا حصہ نہ بن سکے۔

شاہد آفریدی کراچی کنگز کا بھی حصہ رہے، مگر جب انہوں نے فرنچائز سے راہیں جدا کرلیں تو 2020ء میں کراچی کنگز چیمپئن بن گئی۔ اسی طرح رواں برس وہ ملتان سلطانز کا حصہ تھے، لیکن انجری کے سبب ابوظہبی میں ٹیم کو جوائن نہ کرسکے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے