تازہ ترین

پہلا میچ، پہلی گیند اور پہلا شکار

pehla match pehli ball or pehla shikar
  • واضح رہے
  • جون 10, 2021
  • 10:20 شام

ایک روزہ کرکٹ میں مجموعی طور پر 26 بالرز نے کیریئر کی پہلی ہی گیند پر وکٹ حاصل کی، جن میں انضمام الحق جیسے پارٹ ٹائم بالرز بھی شامل ہیں

بیٹسمینوں کے لئے نئے بالر کو کھیلنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوتا، بسا اوقات کپتان ایسے پارٹ ٹائم بالر کو گیند بازی کا موقع فراہم کر دیتے ہیں، جس کی لائن اور لینتھ سے بیٹسمین واقف نہیں ہوتے۔

کرکٹ کے منفرد ریکارڈز کو دیکھا جائے تو گراؤنڈ میں کئی حیران کن واقعات ہوئے ہیں۔ فل ٹائم بالر کا اپنے کیریئر کی پہلی گیند پر وکٹ حاصل کرنا اعزاز ضرور ہے، لیکن کوئی اچھنبا نہیں۔ مگر یہی وکٹ اگر کوئی پارٹ ٹائم بالر اپنی پہلی گیند پر لے اڑے تو سب حیرت زدہ رہ جاتے ہیں۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ہر وہ کھلاڑی جو پارٹ ٹائم بالر ہے یا رہا ہے، اس نے اپنے پہلے ہی میچ میں یہ کارنامہ انجام نہیں دیا ہوگا، بلکہ جب اس سے کپتان نے بالنگ کرائی ہوگی تب ہی اسے یہ خوشگوار موقع میسر آیا ہوگا۔

30 برس قبل قومی ٹیم کے کپتان عمران خان نے انضمام الحق جیسے منجھے ہوئے بیٹسمین کو بالنگ کے شعبے میں آزمایا تھا، جس میں انضمام کو قابل ذکر کامیابی ملی تھی۔ 24 نومبر 1991ء کو فیصل آباد میں کھیلے گئے ون ڈے میں انضمام الحق نے اپنے کیریئر کی پہلی ہی گیند پر وکٹ حاصل کرلی تھی۔ قابل غور بات یہ ہے کہ انضمام الحق نے اس وقت کے عظیم بیٹسمین برائن لارا کو وکٹ کے عقب میں معین خان کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کرا کے پویلین بھیجا تھا۔ برائن لارا 45 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے تھے۔

378 ون ڈے میچز میں 11739 رنز بنانے والے مایہ باز بیٹسمین انضمام نے بالنگ کیریئر میں مجموعی طور پر 3 وکٹیں اپنے نام کی ہیں، جس میں برائن لارا کی پرائس وکٹ کرکٹ کی تاریخ غیر متوقع اور یادگار ترین واقعہ ہے۔ انضمام الحق سمیت ون ڈےز میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 17 بالرز پہلی گیند پر وکٹ لینے کا کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں۔

ریکارڈز کے مطابق پہلی گیند پر بیٹسمین کو پویلین کی راہ دکھانے والے بالرز میں انگلینڈ کے جیف آرنلڈ اور رکی کلارک، ویسٹ انڈین کپتان کلائیو لائیڈ، بالر ویول ہنڈز، فائیڈل ایڈورڈز اور کیمو پال، قومی بالر شاہد محبوب اور انضمام الحق، نیوزی لینڈ کے شین تھامسن اور اینڈریو میتھی سن، زمبابوے کے ایورٹن Matambanadzo اور Ainsley Ndlovu، بھارت کے سدگوپن رمیش اور بھونیشور کمار، کینیائی پلیئر جوزفیٹ ابابو اور عالیجا اوٹینو، جنوبی افریقی بالر مارٹن وین جارزویلڈ اور مونڈے زانڈیکی، سری لنکن لیگ اسپنر خوشحال لوکوارچی، چریتھا بھدیکا اور تھلن تھشارا، کینڈین اسپنر پرتھا دیسائی اور کینتھ کامیوکا، ہانگ کانک کے احسان خان، بنگلہ دیش کے مصدق حسین اور آئرلینڈ کے کیون اوبرائن شامل ہیں۔

pehla match pehli ball or pehla shikar

رپورٹ کے مطابق ون ڈے کی تاریخ میں یہ کارنامہ سب سے پہلے انگلش فاسٹ بالر جیف آرنلڈ نے انجام دیا تھا۔ 24 اگست 1972ء میں آسٹریلیا کے خلاف مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں جیف آرنلڈ نے پہلی ہی گیند پر آسٹریلوی اوپنر گریم واٹسن کو بولڈ کر دیا تھا۔

تباہ کن بالنگ سے ون ڈے کیریئر کا آغاز کرنے والے جیف آرنلڈ کا کیریئر محض 14 میچوں تک محدود رہا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 19 وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی گیند پر وکٹ لینے کے حوالے سے ایک دلچسپ واقعہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 5 ستمبر 1999ء کو سنگاپور میں کھیلے گئے میچ میں پیش آیا، جب بھارتی بالر سدگوپن رمیش کے مقابلے میں ویسٹ انڈین بالر ویول ہنڈز نے بھی آتے ہی ”بریک تھرو“ کر دیا تھا۔

یوں ایک میچ میں 2 بالرز نے یہ کارنامہ سر انجام دیا۔ رمیش نے اپنی پہلی گیند پر نکسن میک لین کو آﺅٹ کیا جبکہ ویول ہنڈز نے منوا پرساد کو وکٹ لے کر ویسٹ انڈیز کو فتح دلائی۔ اس میچ میں ویسٹ انڈیز 42 رنز سے جیت گیا تھا۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے