تازہ ترین

پاکستانی لڑکی نے یادداشت کا عالمی مقابلہ جیت لیا

Pakistan's Emma Alam wins World Memory Championship
  • واضح رہے
  • جنوری 2, 2021
  • 10:21 شام

گلوبل میموری چمپئن شپ میں ایما عالم نے چین اور امریکہ سمیت 16 ممالک کے سینکڑوں طلبا پر اپنی سبقت ثابت کی

لندن: برطانوی دارالحکومت لندن میں ہر سال ہونے والا یادداشت اور انسانی صلاحیتوں کے مختلف مقابلوں کا عالمی ایونٹ پاکستانی لڑکی ایما عالم نے جیت لیا۔ ایما عالم نے لندن میں ہونے والی گلوبل میموری چمپئن شپ 2020 جیت کر دنیا کے 16 ممالک کے افراد کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ورلڈ میموری چمپئن شپ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی لڑکی ایما عالم نے ایونٹ میں ہونے والے 10 مختلف قسم کے مقابلوں میں دوسرے ممالک کے شرکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چمپئن جیت لی۔

گلوبل میموری چمپئن شپ میں چین، بھارت، ملائیشیا، قطر، مصر، امریکا اور برطانیہ سمیت مجموعی طور پر 16 ممالک کے 300 شرکا نے حصہ لیا اور یہ ایونٹ دسمبر 2020 میں لندن میں ہوا۔اس سال 29 ویں سالانہ ایونٹ منعقد کیا گیا تھا، جس میں ایما عالم سمیت 5 پاکستانی نوجوانوں نے حصہ لیا تھا۔

پاکستانی ٹیم نے ایونٹ کے 10 مختلف کیٹیگریز کے مقابلوں میں حصہ لیا اور بعض کیٹیگریز میں پاکستانی ٹیم نے ریکارڈز بھی بنائے۔چمپئن شپ میں جہاں پاکستانی ٹیم نے نمایاں کارکردگی دکھائی، وہیں ایما عالم نے چین، بھارت، امریکا، برطانیہ اور دیگر ممالک کے شرکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایونٹ اپنے نام کرلیا۔

ایونٹ میں بچوں اور عمر رسیدہ افراد سمیت نوجوان حصہ لیتے ہیں، تاہم مجموعی طور پر ہر عمر کے افراد میں سے صرف ایک ہی شخص کو چیمپیئن قرار دیا جاتا ہے اور اس سال ایما عالم کو چمپئن قرار دیا گیا۔

ایما عالم نے ایونٹ میں ایڈلٹ کے طور پر شرکت کی تھی اور انہوں نے کئی مقابلوں میں دوسری اور تیسری پوزیشن بھی حاصل کی اور مجموعی طور پر انہوں نے تمام کیٹیگریز میں نمایاں نمبر حاصل کرکے چمپئن جیت لی۔

ورلڈ میموری چمپئن شپ کا آغاز 1991 میں کیا گیا تھا اور اس سال اس کا 29 واں ایونٹ تھا۔پاکستانی لڑکی کی جانب سے چمپئن شپ جیتے جانے پر لوگ انہیں مبارک باد پیش کر رہے ہیں۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے