تازہ ترین

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی کے بعد ایک اور اعزاز پاکستان کے نام

pakistan ka aik aur t20 eizaz
  • واضح رہے
  • نومبر 8, 2020
  • 11:55 شام

اعداد و شمار کے مطابق ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں کسی ایک حریف ٹیم کے خلاف مسلسل فتوحات قومی ٹیم نے حاصل کی ہیں

راولپنڈی: زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی کے بعد پاکستان نے مختصر طرز کے فارمیٹ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں کسی حریف ٹیم کے خلاف متواتر سب سے زیادہ فتوحات قومی ٹیم نے حاصل کی ہیں۔ پاکستان اب تک زمبابوبے کو مسلسل 13 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ہرا چکا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق مذکورہ فہرست میں دوسرا نمبر افغانستان کا ہے، جس نے آئرلینڈ کے خلاف مسلسل 12 میچ جیتے۔ جبکہ تیسرے نمبر پر بھارت کی ٹیم موجود ہے، جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بنگلہ دیش کیلئے ڈراؤنا خواب بنی رہی اور مسلسل 10 میچوں میں بنگال ٹائیگر کو چھول چٹائی۔

دریں اثنا راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو بآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔ زمبابوے نے پاکستان کو مقررہ اوورز میں 134 رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ گرین شرٹس نے 16 ویں اوورز میں بآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے کی جانب سے اننگزکا آغاز برینڈن ٹیلر اور چامو چھبابا نے کیا جو مایوس کن رہا اور دوسرے اوور میں ہی ٹیلر حارث رؤف کا شکار بن گئے۔

زمبابوے کی جانب سے برل اور ویسلے مدھیویرے ہی پاکستانی بالنگ کے سامنے مزاحمت کرسکے اور دونوں نے بالترتیب 32 اور 24 رنز کی اننگز کھیلیں۔ میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بناسکی۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور عثمان قادر نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

زمبابوے کے 135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور کپتان بابر اعظم نے کیا تاہم فخر زمان 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد آنے والے حیدر علی اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 100 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

بابر اور حیدر نے نصف سنچریاں بنائیں تاہم نصف سنچری بنانے کے فوری بعد کپتان بابر اعظم آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان نے 16 ویں اوور میں بآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز کا ہدف حاصل کرلیا اور یوں زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔

پاکستان کی جانب سے حیدر علی 66 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ کپتان بابر اعظم 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔ حیدر علی کو بہترین بلے بازی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے