تازہ ترین

ون ڈے کرکٹ کا ناقابل تسخیر ریکارڈ خطرے میں

odi ka na qabil e taskheer record khatre main
  • واضح رہے
  • اپریل 30, 2021
  • 10:29 شام

آئی سی سی کی جانب سے نو بال پر فری ہٹ متعارف کرانے کے بعد سے بالروں پر دباؤ بڑھ گیا ہے، جس کا فائدہ بیٹسمین پوری طرح اٹھا رہے ہیں

ون ڈے کرکٹ کی 54 سالہ تاریخ میں صرف ایک مرتبہ ہی 6 گیندوں پر 6 چھکے لگانے کا شاہکار ریکارڈ بنا ہے۔ یہ اعزاز جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر ہرشل گبز کو حاصل ہے۔ کہنے کو تو یہ ریکارڈ ناقابل تسخیر ہے کیونکہ اگر آنے والے وقتوں میں کسی بیٹسمین نے ایک اوور یعنی 6 گیندوں پر 6 چھکے لگا بھی دیئے تو ہرشل گبز کا ریکارڈ ٹوٹے گا نہیں بلکہ برابر ہو جائے گا۔

تاہم اس ریکارڈ کیلئے خطرناک بات یہ ہے کہ آئی سی سی نے نو بال پر فری ہٹ کا تحفہ بیٹسمین کو دے رکھا ہے۔ یہ قانون آئی سی سی نے 2015ء میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں لاگو کیا تھا، جس میں ہر قسم کی نو بال پر فری ہٹ ملتی ہے۔

فری ہٹ سے ہرشل گبز کے ریکارڈ کو خطرہ یہ لاحق ہے کہ کسی اناڑی بالر نے اگر اپنے اوور میں نو بال کرادی اور ان ایکسٹراز پر 6 سے زیادہ چھکے بھی کھا لئے تو ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم ہو جائے گی اور ایک اوور میں 36 سے زیادہ رنز بن جائیں گے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے سابق اوپنر ہرشل گبز نے 6 گیندوں پر 6 چھکے جڑنے کا ریکارڈ 2007ء میں بنایا تھا۔ ہرشل گبز نے 16 مارچ 2007ء کو ورلڈ کپ کے ایک گروپ میچ میں میں نیدرلینڈز کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ جبکہ یہ ''مہنگا ترین'' اوور کرانے والے ڈچ ٹیم کے بدقسمت بالر دان وین بنگے تھے۔

odi ka na qabil e taskheer record khatre main

شاہکار ریکارڈ بنے 14 برس گزرنے چکے ہیں۔ لیکن دنیا کا کوئی بیٹسمین اب تک ایک روزہ کرکٹ میں ہرشل گبز کا ریکارڈ برابر کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔ البتہ پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی سمیت 11 بلے باز ہرشل گبز کی طرح ایک اوور میں سب سے زیادہ رنز ضرور بنا چکے ہیں۔

بالرز کو آڑے ہاتھوں لینے والے بیٹسمینوں میں سری لنکا کے تھسارا پریرا اور سنتھ جے سوریا، جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ولئیرز اور ڈیوڈ ملر، نیوزی لینڈ کے جمی نیشام، جیمز فرینکلن اور راس ٹیلر، بھارت کے شریاس ایّر، انگلینڈ کے اے ڈی ماسکیرنہاس اور آسٹریلیا کے جیمز فالکنر بھی نمایاں ہیں۔

یہاں یہ بیان کرنا ضروری ہے کہ ہرشل گبز کے بعد ایک اوور میں لگاتار 5 چھکے لگانے کا اعزاز انگلش بیٹسمین اے ڈی ماسکیرنہاس کے پاس ہے۔

جنوبی افریقی لیجنڈ کے بعد ایک اوور میں سب سے زیادہ 35 رنز سری لنکا کے تھسارا پریرا نے بنائے ہیں۔ انہوں نے 2013ء میں پالے کیلے کے مقام پر جنوبی افریقی اسپنر روبن پیٹرسن کی دھنائی کرتے ہوئے 5 چھکے اور ایک چوکا لگایا تھا۔ اس اوور میں ایک وائیڈ بال شامل تھی۔

ادھر 2015ء کے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ولیئرز کو ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بالر جیسن ہولڈر کے اوور میں 34 رنز ملے تھے۔ اس میں ڈی ولیئرز کا کچھ خاص کمال نہ تھا، کیونکہ اس نے محض 2 ہی چھکے لگائے تھے۔ اوور میں جیسن ہولڈر نے 2 نو بالز بھی کرائیں اور اس کے علاوہ چار چوکے کھائے، جس کے باعث یہ اوور ون ڈے کے مہنگے ترین اوورز میں سے ہوگیا۔

اسی طرح نیوزی لینڈ کے آل رائونڈر جمی نیشام بھی ایک اوور میں 34 رنز بنا چکے ہیں۔ 4 جنوری 2019ء کو مائونٹ مونگنئی میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انہوں نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے میڈیم پیسر تھسارا پریرا کو خوب آڑے لیا اور 5 چھکے جڑ دیئے تھے۔

منفرد بیٹنگ ریکارڈ کی بات ہو اور شاہد آفریدی کا نام نہ آئے، ایسا ہو نہیں ہوسکتا۔ 2007ء میں سری لنکا کے خلاف ابوظہبی میں کھیلی گئی تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بوم بوم آفریدی نے سری لنکن اسپنر ملنگا بندارا کے ایک اوور میں 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے تھے۔

انہوں نے ملنگا بندارا کی پہلی دو گیندوں پر زبردست اسٹروکس کھیلتے ہوئے دو چوکے لگائے، جبکہ باقی چار بالوں کو انتہائی جارحانہ انداز میں بائونڈری لائن کے باہر ہٹ کیا تھا۔ یہ کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کا ایک اوور میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔

اسی طرح نیوزی لینڈ کے جیمز فرینکلن اور بھارت کے شریاس ایّر نے ایک اوور میں 31 رنز بنائے۔ کیوی ہارڈ ہٹر نے یہ کارنامہ ورلڈ کپ 2011ء کے گروپ میچ میں کینیڈا کے خلاف انجام دیا۔ جبکہ شریاس ایّر 2019ء میں ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز کو دن میں تارے دکھاتے ہوئے ریکارڈ بُک کا حصہ بنے۔

سری لنکا کے سابق اوپنر سنتھ جے سوریا نے ایک اوور میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا کارنامہ انہوں نے دو مرتبہ انجام دیا ہے۔ 1996ء میں پاکستان کے پارٹ ٹائم اسپنر عامر سہیل کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سنتھ جے سوریا نے ایک اوور میں 30 رنز بنا ڈالے۔ اس اوور میں جے سوریا نے چار گیندوں پر لگاتا چھکے لگائے، پھر ایک چوکا مارا۔ جبکہ آخری گیند پر دو رنز بنائے۔

اسی طرح 2001ء میں شارجہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے ون ڈے میں سنتھ جے سوریا نے اپنا ہی ریکارڈ برابر کردیا تھا۔ انہوں نے کیوی گیند باز کرس ہیرس کے ایک اوور میں 4 چھکے، 1 چوکا اور دو رنز کی مدد سے ایک بار پھر 30 رنز بنائے تھے۔

ایک اوور میں 30 رنز بنانے والوں میں انگلینڈ کے اے ڈی ماسکیرنہاس، جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر اور ابراہم ڈی ویلیئرز، آسٹریلیا کے جیمز فالکنر اور نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر شامل ہیں۔ واضح رہے کہ 2007ء میں اوول میں کھیلے گئے میچ میں انگلش بیٹسمین اے ڈی ماسکیرنہاس نے بھارتی اسپنر یووراج سنگھ کو کگاتار 5 چھکے لگا کر تگنی کا ناچ نچا دیا تھا۔

اسی طرح کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کے گروپ میچ میں کیوی آل رائونڈ راس ٹیلر نے پاکستان کے عبدالرزاق کو ایک اوور میں 30 رنز جڑ دیئے تھے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے