تازہ ترین

حفیظ کی کلاسک اننگز رائیگاں۔ نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

hafeez ki classic innings raigaan nz ne t20 series jeet li
  • واضح رہے
  • دسمبر 20, 2020
  • 11:50 شام

نوجوان بیٹسمین حیدر علی اور عبداللہ شفیق مسلسل دوسرے میچ میں ناکام ثابت ہوئے۔ جبکہ بالرز نے بھی مایوس کیا

ہملٹن: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 9 وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔ محمد حفیظ میچ کے ٹاپ اسکورر رہے، لیکن ان کی کلاسکل اننگز پاکستان کو ناکامی سے نہ بچا سکی۔

ہملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور 16 کے مجموعی اسکور پر حیدر علی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ جبکہ ان کے بعد آنے والے عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

جس کے بعد محمد رضوان اور محمد حفیظ نے ٹیم کے اسکور کو کچھ آگے بڑھایا۔ تاہم 33 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 22 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند کا نشانہ بن گئے۔

33 رنز پر 3 کھلاڑیوں کے نقصان کے بعد قومی ٹیم کو سہارا دینے کے لیے کپتان شاداب خان آئے۔ تاہم وہ بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 56 کے مجموعی اسکور پر صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر حفیظ اور خوشدل شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز سے زائد کی پارٹنرشپ کی۔

محمد حفیظ نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی۔ تاہم ان دونوں بلے بازوں کی یہ پارٹنر شپ 119 رنز کے مجموعی اسکور پر ٹوٹ گئی اور خوشدل شاہ چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔ ان کے بعد آنے والے کھلاڑی فہیم اشرف محض 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تاہم محمد حفیظ نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور آخری اوور میں 2 چوکے اور ایک چھکا لگا کر قومی ٹیم کا اسکور 163 تک پہنچا دیا لیکن اوور مکمل ہونے کے باعث محمد حفیظ صرف ایک رنز سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے۔ حفیظ کی 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز 10 چوکوں اور 5 چھکوں سے مزین تھی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ بالر ٹم ساؤتھی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جیمز نیشام اور اش سودھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز ذمہ دارانہ انداز میں کیا۔ تاہم 35 کے مجموعی اسکور پر اوپنر مارٹن گپٹل آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ٹم سیفرٹ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور ایک وکٹ کے ہی نقصان پر ٹیم کا اسکور 100 سے بڑھا دیا۔

جس کے بعد بھی ٹم سیفرٹ اور کیوی کپتان کین ولیمسن نے جارحانہ انداز میں کھیل جاری رکھا اور 20واں اوور مکمل ہونے سے 4 گیند قبل ہی ایک وکٹ کے نقصان پر 164 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ ٹم سیفرٹ نے 63 گیندوں پر 84 رنز جبکہ کین ولیمسن نے 42 گیندوں پر 57 رنز اسکور کیے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے