تازہ ترین

کرکٹ ورلڈ کپ کی مجموعی انعامی رقم جوں کی توں

Cricket World Cup 2019
  • محمد علی اظہر
  • مئی 19, 2019
  • 1:56 صبح

آئی سی سی نے فاتح ٹیم کیلئے انعامی رقم میں ڈھائی لاکھ ڈالر کا اضافہ تو کیا ہے، مگر کوارٹر فائنلز ہارنے والی ٹیموں کیلئے رقم مختص نہیں کی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے غیر متوقع طور پر ورلڈ کپ 2019 کیلئے مجموعی انعامی رقم میں اضافہ نہیں کیا ہے۔ معروف کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے میگا ٹورنامنٹ کیلئے ایک کروڑ ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ جبکہ 2015 کے ورلڈ کپ کیلئے بھی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ ڈالر تھی۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو ریکارڈ 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی۔ کونسل کی جانب سے فاتح ٹیم کی انعامی رقم میں ڈھائی لاکھ ڈالر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ 2015 میں اس وقت کی فاتح ٹیم آسٹریلیا کو 37 لاکھ 50 ہزار ڈالر ملے تھے۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں رنر اپ ٹیم بھی ڈھائی لاکھ ڈالر اضافے کے بعد 20 لاکھ ڈالر انعام وصول کرے گی۔ ورلڈ کپ 2015 میں رنر اپ ٹیم کی انعامی رقم 17 لاکھ 50 ہزار ڈالر تھی۔ جبکہ سب سے زیادہ 2 لاکھ ڈالر کا اضافہ سیمی فائنل ہارنے والی ٹیموں کیلئے کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سیمی فائنل ہارنے والی ٹیموں کو 8، 8 لاکھ ڈالر ملیں گے، جبکہ 4 برس قبل یہ رقم 6 لاکھ ڈالر تھی۔

اس کے برعکس کوارٹر فائنل ہارنے والی ٹیموں کیلئے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی ہے، جبکہ گزشتہ ورلڈ کپ میں کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کو 3، 3 لاکھ ڈالر دیئے گئے تھے۔ اس کے علاوہ دیگر ٹیموں کو ایک، ایک لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے۔ یوں آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2015 کی نسبت مذکورہ رقم میں 65 ہزار ڈالر کا اضافہ کیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کوارٹر فائنل مرحلے یا اس سے پہلے ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی ٹیمیں اس انعام کی حقدار قرار پائیں گی۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق لیگ یا گروپ میچز جیتنے والی ٹیموں کو اس بار 40، 40 ہزار ڈالر ملیں گے، جو گزشتہ ورلڈ کپ کے مقابلے میں 5 ہزار ڈالر کم ہے۔

واضح رہے کہ2017  میں کھیلی گئی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں فاتح ٹیم یعنی پاکستان کو 22 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملی تھی۔

محمد علی اظہر

محمد علی اظہر نے ایک دہائی کے عرصے میں سب ایڈیٹنگ سمیت اسپورٹس اور کامرس رپورٹنگ میں اپنی صلاحیت منوائی ہے۔ وہ کراچی پریس کلب کے ممبر ہیں اور اردو نیوز ویب سائٹ "واضح رہے" کے بانیوں میں سے ہیں۔

محمد علی اظہر