تازہ ترین

امریکہ دنیائے کرکٹ کی سُپر پاور بننے کا خواہاں

america dunya e cricket ki super power banne ka khawahan
  • واضح رہے
  • جنوری 19, 2021
  • 11:15 شام

جینٹل مین گیم پر راج کرنے کے طویل مدتی منصوبے کے تحت 5 ممالک کے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرلیں- مزید کرکٹرز سے رابطے جاری ہیں

فورٹ لوڈر ڈیل: امریکہ دنیائے کرکٹ کی سُپر پاور بننے کیلئے سرگرم ہوگیا۔ یو ایس اے کرکٹ کونسل نے طویل مدتی منصوبے کے تحت 5 ممالک کے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ جبکہ پاکستان سمیت متعدد ممالک کے مزید کھلاڑیوں سے رابطے جاری کئے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ کرکٹ ایسوسی ایشن (یو ایس اے سی اے) 1965ء سے عالمی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ایسوسی ایٹ رکن ہے۔ تاہم تقریباً 56 برس سے آئی سی سی میں ہونے کے باوجود امریکہ میں کرکٹ پھل پھول نہیں سکا۔ خود امریکی میڈیا کا ماننا ہے کہ امریکہ میں گراس روٹ لیول پر کرکٹ ٹیلنٹ موجود نہیں۔

یہی وجہ ہے کہ امریکی کرکٹ حکام نے غیر ملکیوں کو بھرتی کر کے اپنی کرکٹ کو کھڑا کرنا شروع کر دیا ہے۔ اب تک 5 ممالک کے 5 اہم کھلاڑی امریکہ کی کرکٹ ٹیم میں شامل ہو چکے ہیں۔

ان میں نیوزی لینڈ کے آل راو ¿نڈر کورے اینڈرسن، سری لنکا کے بیٹسمین شیہان جے سوریا، ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز زیویئر مارشل، جنوبی افریقہ کے فاسٹ بالر یوآن تھرون اور پاکستان کے اوپنر سمیع اسلم شامل ہیں۔

 

america dunya e cricket ki super power banne ka khawahan

یو ایس اے کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لین ہگینز نے کہا ہے کہ ”غیر ملکی کرکٹرز کو امریکی کرکٹ کے فروغ کیلئے اپنے سرکٹ کا حصہ بنا رہے ہیں۔ تاکہ طویل مدتی منصوبے کے تحت امریکہ میں کرکٹ کے فروغ میں استحکام آ سکے۔ اس سلسلے میں ہم نے گزشتہ برس بڑے اور محدود پیمانے پر بہت سی لیگز کرائی ہیں“۔

ادھر امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکہ کے مطابق امریکہ میں کرکٹ کو فروغ دینے میں جنوبی ایشیائی بہت اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ریاست فلوریڈا میں قائم امریکی کرکٹ کونسل کے بانی اور سربراہ محمد قریشی کا تعلق پاکستان سے ہے۔ وہ فلوریڈا کی کرکٹ کونسل (یو ایس اے) کے تحت 2009ءسے امریکہ میں انڈر 13 کے مقابلے کراتے آ رہے ہیں۔

محمد فریشی کی کوششوں سے فورٹ لوڈر ڈیل میں واقع کرکٹ اسٹیڈیم کو عالمی معیار کا گراؤنڈ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ کرکٹ کونسل یو ایس اے کے بانی محمد قریشی نے کہا کہ ”اگر ہم امریکہ میں کرکٹ کو پروموٹ کرنا چاہتے ہیں تو یہ یو ایس فارمیٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے“۔

america dunya e cricket ki super power banne ka khawahan
دوسری جانب قومی ٹیم کے اوپنر سمیع اسلم کے بعد ایک اور دلبرداشتہ کھلاڑی نے بھی پاکستانی ٹیم کے لیے کھیلنے کے مواقع نہ ملنے کے بعد امریکہ منتقل ہونے پر غور شروع کر دیا ہے۔27 سالہ فاسٹ بالر احسان عادل کا امریکی کرکٹ ایسوسی ایشن سے رابطہ ہوا ہے اور انہوں نے امریکہ منتقلی کا فیصلہ کرنے کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔

قبل ازیں فاسٹ بالر جنید خان کے حوالے سے بھی میڈیا پر خبریں چلی ہیں کہ وہ لندن یا امریکہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ مایوسی میں مبتلا جنید خان اب امریکہ یا برطانیہ منتقلی پر غور کر رہے ہیں۔ ان کی اہلیہ بھی لندن میں ہی مقیم ہیں۔ ذرائع کے مطابق جنید خان کو امریکہ اور برطانیہ میں کمرشل کرکٹ کھیلنے کی آفرز ہوئی ہیں۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے