تازہ ترین

گیارہ برس بعد ٹیسٹ سنچری۔ فواد عالم نے تاریخ رقم کردی

11 baras baad Test century fawad alam ne tareekh raqam ker di
  • واضح رہے
  • دسمبر 30, 2020
  • 5:13 شام

وہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین بن گئے ہیں۔ فواد اور رضوان کی مزاحمتی اننگز کے باوجود پاکستان ماؤنٹ مانگنوئی ٹیسٹ نہ جیت سکا

نیپئر: پاکستان گوکہ نیوزی لینڈ کیخلاف پہلا ٹیسٹ میچ 101 رنز سے ہار گیا ہے۔ تاہم شائقین کو قومی ٹیم کی شکست پر اتنا دکھ نہیں جتنی خوشی فواد عالم کی کامیابی کی ہے۔ فواد عالم نے انتہائی مشکل کنڈیشنز میں مزاحمتی اننگز کھیل کر سنچری داغی، جو ان کے کیریئر کی دوسری تھری فیگر اننگز ہے۔

قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھی اننگز میں سنچری اسکور کر کے کئی منفرد اعزاز اپنے نام کر لیے۔ ماؤنٹ مانگنوئی ٹیسٹ کے آخری روز چوتھی اننگز میں فواد عالم نے 11 برس بعد شاندار سنچری اسکور کی، جو ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔

آج تک دنیا کا کوئی بھی بیٹسمین ایک دہائی کے بعد سنچری اسکور نہیں کر سکا۔ واضح رہے کہ فواد عالم کو 2010 میں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔ لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل پرفارمنس دکھا کر 10 برس بعد کم بیک کیا۔ اس سے قبل فواد عالم نے 2009 میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری اسکور کی تھی۔

فواد عالم نیوزی لینڈ میں چوتھی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ اس کے علاوہ فواد عالم نے ایشیا سے باہر چوتھی اننگز میں وکٹ پر سب سے زیادہ رکنے والے قومی کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ فواد عالم 360 سے زائد منٹس وکٹ پر موجود رہے جو اس صدی میں ایشیا سے باہر کسی بھی پاکستانی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ ٹائم ہے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے