تازہ ترین

49 نیوز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید اعجاز گیلانی کو صحافتی خدمات پر ایوارڈ

syed ejaz gillani ko sahafati khidmat per award
  • Kamran Ashraf
  • اکتوبر 27, 2020
  • 8:03 شام

پاکستانی نژاد کینیڈین صحافی، ادیب و سماجی کارکن سید اعجاز گیلانی کو ادبی و سماجی خدمات پر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے

لاہور: پاکستانی نژاد کینیڈین صحافی، ادیب و سماجی کارکن سید اعجاز گیلانی کو ادبی و سماجی خدمات پر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ ایوارڈ اکیڈمی ادبیات اطفال پاکستان اور ماہنامہ پھول کی جانب سے اقوام متحدہ کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریب اور پانچویں سالانہ عالمی اہل قلم کانفرنس 2020 میں دیا گیا۔ یہ تقریب گذشتہ روز پرل کونٹیننٹل ہوٹل لاہور میں ہوئی۔

میڈیا سے گفتگو میں سید اعجاز گیلانی نے ایوارڈ ملنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اسے پاکستانی نوجوانوں اور ادب دوستوں نام کیا۔ سید اعجاز گیلانی نے 80 کی دہائی میں ''گلستان ادبی سوسائٹی'' ضلع قصور کی بنیاد رکھی۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی ثقافتی انجمن سے بھی بطور ڈائریکٹر انفارمیشن اینڈ پبلی کیشنز منسلک ہیں جو ضلع بھر کی ممتاز سماجی تنظیم ہے اور نوجوانوں میں تعلیم، ہنر ، شعور اور روزگار کے مواقع پیدا کرنےاور ادب و ثقافت کے فروغ لیےعرصہ دراز سے کام کررہی ہے۔

سید اعجاز گیلانی 49 نیوز کا پنجابی پروگرام گلاں وچوں گل بھی کرتے ہیں ۔ ان کے پروگرام میں پاکستان کے علاوہ بیرون ملک سے ادب،ثقافت، سیاحت اور لسانیات سے وابستہ شخصیات کو مدعو کیا جاتا ہے۔ سید اعجاز گیلانی 1983 میں بچوں کے میگزین گلستان کے چیف ایڈیٹر اور 1987 سے ماہنامہ ساحل رنگ قصور کے مدیر بھی رہے ہیں۔

انگریزی اخبارات دی نیوز لاہور اور دی فرنٹیر پوسٹ لاہور سے وابستہ رہے۔ سنڈے ٹائمز کینیڈا کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر اور نوائے وقت کے فیملی میگزین میں بھی بطورسب ایڈیٹر/ فیچر رائٹر کئی سال کام کرتے رہے ہیں۔ 1992 میں بین الاقوامی مقابلہ مضمون نویسی میں وائس آف جرمنی سے انعامات حاصل کئے۔ اے این ایف کے 300 NGOs نیٹ ورک پنجاب کے ضلع قصور میں کئی سال تک صدر رہے ۔

علامہ اقبال میڈیکل کالج/جناح ہسپتال لاہور کے اولین پی آر او/میڈیا کوآرڈینیٹر کے طور پر کام کیا اور اداروں کی بہترین کارکردگی کو بھر پور انداز میں اجاگر کیا۔ آپ ایسوسی ایشن آف پاکستانی کینیڈینز مینی ٹوبہ کے ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پبلک ریلشنز بھی ہیں اور کیینڈا میں پاکستان کی" امیج بلڈنگ "کے لئے نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

آپ کے سفر نامہ ایران و عراق"سر زمین خاک و خون" کے ساتھ کالموں کا مجموعہ اور کیینڈا میں شب و روز پر کتب شائع ھو چکی ہیں۔ ان گرانقدر صحافتی و ادبی اور سماجی خدمات کے اعتراف پر انہیں کرتے معمار وطن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔