تازہ ترین

سیاسی عدم استحکام نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا۔ عام لوگ اتحاد

siyasi adm istehkam ne mulk ko bht nuqsan puhanchaya aam log ittehad
  • واضح رہے
  • نومبر 13, 2020
  • 12:29 صبح

مسائل کو اپنے وسائل سے حل کر سکتے ہیں۔ یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں۔ عام پاکستانی کو حکومتی ایوانوں میں پہنچائیں گے۔ چیئرمین رحمت اللہ

کراچی: عام پاکستانی کو حکومتی ایوانوں میں پہنچانا ہمارا مشن ہے۔ سیاسی عمل میں عام لوگوں کو شامل کرنے کیلئے صوبائی اسمبلی، قومی اسمبلی اور لوکل باڈیز کے 80 فیصد ٹکٹ متوسط اور غریب طبقے کے افراد کو دیں گے۔ ایک عام پاکستانی کو یہی شکایت ہے کہ اس کی نمائندگی ایلیٹ کلاس کر رہی ہے، جو اس کے مسائل کبھی نہیں سمجھ سکتی۔

ان خیالات کا اظہار عام لوگ اتحاد کے چیئرمین رحمت اللہ خان وزیر نے کراچی پریس کلب میں نائب صدر ڈاکٹر حمید الزمان، سینئر نائب صدر جاوید بخاری اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

رحمت اللہ خان وزیر نے کہا کہ ہماری پارٹی بنیادی طور پر سوشل ویلفیئر کی پارٹی ہے۔ پاکستانی قوم میں یکجہتی پیدا کرنا اور انہیں خومختار بنانا ہمارے منشور کے نکات میں شامل ہے۔ ہماری ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہمارے اپنے اختلافات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں سب کے ساتھ انصاف ہو۔

موجودہ سیاسی نظام پر کسی کا اعتماد نہیں، جو ہارتا ہے کہتا ہے الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے۔ یہ ملک کی سب بڑی بدقسمتی ہے۔ سیاسی غیر یقینی اور عدم استحکام کی وجہ سے ملک معاشی اور سماجی طور پر ترقی نہیں کر پا رہا۔ پاکستان میں اس وقت 44 فیصد سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں، جس میں 11 فیصد وہ ہیں جنہیں دو وقت کی روٹی بھی نصیب نہیں۔

غربت کے خاتمے اور ملک کو آئی ایم ایف کے چنگل سے نکالنے کیلئے ہمارے پاس ٹھوس منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ معیشت میں زراعت کی شراکت 7 ہزار ارب روپے کی ہے، جس میں گندم، چاول، کاٹن، گنّا، فارمنگ وغیرہ شامل ہیں۔ اس پر خصوصی توجہ دی جائے تو یہ حجم سالانہ 21 ہزار ارب روپے تک جا سکتا ہے۔

اس میں سے ملکی کھپت کیلئے 10 ہزار ارب روپے مالیت کی اجناس الگ کرلیں تو بھی آدھے سے زائد بچ جائیں گی۔ باقی 11 ہزار روپے کی زرعی اجناس ہم برآمد کرسکتے ہیں۔ ملک کو کسی فارن ایکسچیج کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ صرف یہ کام کرلیں تو ہمارے ملک سے غربت کا خاتمہ ہوجائے گا۔ دوسروں پر انحصار کرنے کے بجائے خود ہمت کرنا ہوگی۔ اپنے ہی وسائل سے آئی ایم ایف سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عام لوگ اتحاد پاکستان کے عوام تک اپنا پیغام پہنچانے کیلئے ٹیلی کمیونیکیشن پلیٹ فارم استعمال کرے گا اور لاکھوں موبائل فون صارفین کو پارٹی منشور کے متعلق ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے، جو ہمارے منشور سے اتفاق کرکے جوابی ایس ایم ایس بھیجے گا وہ ہمارا پارٹی ورکر تصور ہوگا۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے