قرآن کریم سب کتابوں سے مقدس اور عظیم کتاب ہے، حدیث میں ہے:
فَضْلُ کَلَامِ اللّٰہِ عَلیٰ سَائِرِ الْکَلَامِ کَفَضْلِ اللّٰہِ علیٰ خَلْقِہ
کہ اللہ سبحانہ وتعالی کے کلام کو دوسرے سارے کلاموں پر ایسے ہی فضیلت حاصل ہے جیسے کہ خود اللہ تعالیٰ کو ساری مخلوق پر فضیلت حاصل ہے۔
اور یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: خَيرُكُم من تعلَّمَ القرآنَ وعلَّمَهُ یعنی تم میں سب سے بہتر شخص وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے۔
ہمیں بحیثیت مسلمان یہ احساس ہونا چاہئے کہ سوشل میڈیا پر ناچ گانے کی ویڈیوز دیکھنے کے بجائے قرآن کریم کی تلاوت سنیں اور کلام پاک سے متعلق ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے چینلز اور پیجیز کو فالو کریں، کیونکہ اس سے Automatically آپ کو قرآنی آیات کی ویڈیوز اور تصاویر ملتی رہیں گی۔
ناظرین! قرآن پاک کی تلاوت و سماعت جذبہ ایمانی کیلئے بے حد ضروری ہے۔ جو لوگ قرآن پاک پڑھ نہیں سکتے تو وہ یوٹیوب پر پورا قرآن سُن سکتے ہیں اور یہ انتہائی فائدہ مند ہے۔ اسی طرح یوٹیوب پر قرآن کریم کا صرف ترجمہ بھی موجود ہے، جس سے فیض حاصل کیا جاسکتا ہے۔
قرآن پاک اتنی عظیم کتاب ہے کہ اللہ پاک نے بہت سی قوموں کو اس پر عمل کرنے کی وجہ سے خوب نوازا اور عروج عطا فرمایا اور بہت سے لوگوں کو جو اس کے خلاف تھے تباہ و برباد کر دیا۔
اِنَّ اللہَ یَرْفَعُ بِھٰذَا الْکِتَابِ اَقْوَامًا وَیَضَعُ بِہٖ آخَرِیْنَ
کیا وجہ تھی کہ کمزور سمجھے جانے والے عربوں نے دنیا کی بڑی بڑی سلطنتوں کو شکست دے کر ان پر حکمرانی کی؟ کیسے مسلمانوں نے آدھی سے زیادہ دنیا فتح کی؟ اور کیا وجہ تھی کہ وہ کفر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جیتے تھے؟
وہ معزز تھے زمانے میں مسلماں ہو کر
اور تم خوار ہوئے تارک قرآں ہو کر
اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں قرآن پاک سمجھ کر پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین