تازہ ترین

کراچی واقعہ میں ملوث رینجرز اور آئی ایس آئی افسران معطل۔ نواز شریف نے رپورٹ مسترد کردی

ISI, Rangers officials involved in Sindh IG incident removed
  • واضح رہے
  • نومبر 11, 2020
  • 12:21 صبح

متعلقہ افسران کو ایسی صورتحال سے گریز کرنا چاہیے تھا جس سے ریاست کے دو اداروں میں غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آئی جی سندھ اغوا معاملے پر تحقیقات کے بعد سندھ رینجرز اور آئی ایس آئی افسران معطل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے واقعہ کی رپورٹ سامنے لانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

پاک فوج نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے واقعے پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کے تحفظات کے معاملے کی تحقیقات مکمل کرکے سندھ رینجرز اور انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے متعلقہ افسران کو ذمہ داریوں سے ہٹا دیا۔

آئی ایس پی آر کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کی ہدایت پر کی گئی تحقیقات کے مطابق سندھ رینجرز اور آئی ایس آئی کراچی کے افسران مزار قائد کی بے حرمتی کے نتیجے میں شدید عوامی رد عمل سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے میں مصروف تھے، افسران پر مزار قائد کی بے حرمتی پر قانون کےمطابق بروقت کارروائی کے لیے شدید دباؤ تھا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہےکہ متعلقہ افسران نے شدید عوامی ردِ عمل اور تیزی سے بدلتی ہوئی کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر سندھ پولیس کے طرزِ عمل کو اپنی دانست میں ناکافی اور سُست روی کا شکار پایا اور کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے اپنی حیثیت میں جذباتی رد عمل کا مظاہرہ کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متعلقہ افسران کو ایسی صورتحال سے گریز کرنا چاہیے تھا جس سے ریاست کے دو اداروں میں غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کورٹ آف انکوائری کی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ افسران کو اپنی موجودہ ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے جب کہ ضابطہ کی خلاف ورزی پر ان افسران کے خلاف کارروائی جی ایچ کیو میں عمل میں لائی جائے گی۔

ادھر مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے کراچی واقعے سے متعلق فوج کی انکوائری رپورٹ مسترد کردی۔ لندن میں زیر علاج سابق وزیر اعظم نے ٹوئٹر پر کہا کہ 'کراچی واقعے کی انکوائری رپورٹ اصل حقائق پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ خود کو بچانے کے لیے جونیئر افسران کو قربان کرنے کی یہ روش قابلِ مذمت ہے۔

ISI, Rangers officials involved in Sindh IG incident removed

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے