تازہ ترین

گلگت بلتستان میں اتخابی گہما گہمی عروج پر

Gb main intekhabi gehma gehmi urooj per
  • واضح رہے
  • نومبر 7, 2020
  • 1:15 صبح

مریم نواز کی قیادت نے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کو ایک نئی قوت بخش دی ہے۔ جبکہ حکومتی وزرا کو 3 روز میں علاقہ چھوڑنے کا کہا گیا ہے

اسکردو: گلگت بلتستان کے عوام کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں کے پاس اب کم وقت رہ گیا ہے۔ گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 عام نشستوں میں سے 23 نشستوں کیلئے پولنگ 15 نومبر کو ہوگی۔ حکومتی جماعت پی ٹی آئی سمیت مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے خوبصورت علاقے میں انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے۔ اور یہاں سیاسی پارہ چڑھ گیا ہے۔

اسکردو میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گلگت بلتستان والوں نے آج جو جذبہ دکھایا ہے اس کے بعد اگر ن لیگ دھاندلی سے ہرائی گئی تو گلگت بلتستان مانے گا نہ پاکستان۔ کہتے ہیں کہ گلگت بلتستان انتخابات میں وفاقی حکومت کے ساتھ جاتا ہے تو کیا اس بار گلگت بلتستان جاتی ہوئی حکومت کے ساتھ جائے گا، کیا گلگت بلتستان ایسی حکومت کے ساتھ جائے گا جس کی چند دنوں میں چھٹی ہونے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال قبل جب یہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے ووٹ پر ڈاکا ڈال کر آئے تھے تو آج یہ حالت ہوگئی ہے کہ جگہ جگہ گھبرائے ہوئے پھر رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کے جلسوں سے میرے وزرا کو پریشانی ہوتی ہے تو آپ کو پریشانی ہونی چاہیے کیونکہ عوام آپ کا گھیراؤ کر رہی ہے اور آپ کو گھر چھوڑ کر آئے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ آج ملک کا چپہ چپہ اور عوام گواہی دے رہے ہیں کہ نواز شریف کے علاوہ پاکستان کے پاس اب کوئی آپشن نہیں، اگر کسی کے پاس پاکستان کے مسائل کا علاج ہے تو اس کا نام نواز شریف ہے۔ ملک کو نواز شریف کے حوالے کردو پاکستان پھر سے ترقی کی منازل طے کرے گا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں جو لوگ دھاندلی کرنے کے منصوبے بنا رہے ہیں وہ یاد رکھیں کہ 2 سالوں میں پاکستان بدل چکا ہے، اب نہ لوٹوں کو ووٹ ملے گا، نہ دھاندلی کرنے والے بچیں گے اور نہ دھاندلی کروانے والے بچیں گے۔ یہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی بات کرتے ہیں، یہ عزت ان کے نصیب میں نہیں لکھی اور گلگت بلتستان کو جو صوبہ بنائے گا اس کا نام نواز شریف ہے۔

دوسری جانب چیف کورٹ گلگت بلتستان نے تمام قومی و صوبائی ارکان اسمبلی کو 3 دن میں گلگت بلتستان چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ چیف کورٹ گلگت بلتستان نے پاکستانی پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو 3 دن میں گلگت بلتستان سے باہر نکالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان گلگت میں انتخابی مہم نہیں چلا سکتے، قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینٹ کے ممبران کے علاوہ پاکستانی شخصیات انتخابی مہم چلا سکتی ہیں۔

چیف کورٹ نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس یقینی بنائیں کہ گلگت بلتستان کی سرحدوں سے کوئی پاکستانی منتخب نمائندہ داخل نہ ہو سکے جب کہ چیف کورٹ کے احکامات الیکشن تک نافذ العمل رہیں گے۔

قانونی ماہرین کے مطابق عدالتی فیصلے کے تحت نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز گلگت بلتستان میں انتخابی مہم چلا سکیں گی جبکہ شاہد خاقان عباسی، علی امین گنڈاپور اور بلاول بھٹو زرداری کو 3 دن کے اندر گلگت بلتستان سے واپس جانا ہوگا۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے