تازہ ترین

گلگت بلتستان الیکشن میں حکمراں جماعت کے جیتنے کی روایت برقرار

gb election main hukmran jamat ke jeetne ki riwayat barqarar
  • واضح رہے
  • نومبر 15, 2020
  • 12:43 شام

غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے 9، آزاد امیدواروں نے 7، پیپلز پارٹی نے 3 اور مسلم لیگ (ن) نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے

اسکردو: گلگت بلتستان انتخابات میں حکمراں جماعت کے جیتنے کی روایت نہ بدل سکی۔ وفاقی میں حکومت میں موجود پی ٹی آئی 9 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ آزاد امیدواروں نے 7، پیپلز پارٹی نے 3 اور مسلم لیگ (ن) نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ واضح رہے کہ اب تک 21 حلقوں کے غیر سرکاری اور غیرحتمی نتائج موصول ہوئے ہیں۔ دو حلقوں کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔

گلگت بلتستان الیکشن میں 24 عام نشستوں پر مجموعی طور پر 330 امیدوار میدان میں اترے، جن میں 4 خواتین بھی شامل تھیں۔ تاہم ووٹنگ 23 نشستوں پر ہوئی کیونکہ پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صدر جسٹس (ر) جعفر شاہ کے کورونا وائرس کی وجہ سے وفات کے بعد جی بی ایل اے 3 میں انتخابات ملتوی کردیے گئے تھے۔ گزشتہ روز انتخابات میں ووٹنگ کا عمل زیادہ تر پرامن رہا اور صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے پولنگ جاری رہی جبکہ دن بھر بیشتر انتخابی حلقوں میں پولنگ ہموار رہی۔

اب تک موصول ہونے والے غیرسرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق جی بی ایل اے 1 گلگت ون سے پیپلز پارٹی کے امیدوار 10 ہزار 875 ووٹس لیکر پہلے نمبر رہے جبکہ آزاد امیدوار سلطان رئیس 7 ہزار 482 ووٹس لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی ایل اے 2 گلگت 2 میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فتح اللہ نے 6 ہزار 696 ووٹس حاصل کرکے محض 2 ووٹس کی برتری کے ساتھ فتح حاصل کی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جمیل احمد نے 6 ہزار 694 ووٹس حاصل کیے۔
جی بی ایل اے 4 نگر 1 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار امجد حسین نے اسلامی تحریک پاکستان کے ایوب وزیر کو شکست دی۔

جی بی ایل اے 5 نگر 2 میں آزاد امیدوار جاوید علی منوا نے کامیابی حاصل کی۔

جی بی ایل اے 7 اسکردو 1 پی ٹی آئی کے امیدوار راجا زکریا خان نے پیپلز پارٹی کے سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ کو ہرا کر فتح کا جشن منایا۔

جی بی ایل اے 8 اسکردو 2 پر مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے محمد کاظم نے پیپلز پارٹی کے محمد علی شاہ کو کڑے مقابلے کے بعد شکست دی۔

جی ایل اے 10 اسکردو 4 میں آزاد امیدوار ناصر علی خان کامیاب ہوئے۔

جی بی ایل اے 11 خرمانگ سے پی ٹی آئی کے امیدوار سید امجد علی نے سید محسن رضوی کو شکست دی۔

اسی طرح جی بی ایل اے 14 استور 2 میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شمس الحق لون 5 ہزار 237 ووٹس لے کر آگے رہے جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار 3 ہزار 620 ووٹس لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی ایل اے 15 دیامیر 1 میں آزاد امیدوار حاجی شاہ بیگ نے 2 ہزار 685 ووٹس لیتے ہوئے فتح حاصل کی جبکہ آزاد امیدوار محمد دلپزیر 2 ہزار 517 ووٹس لیتے ہوئے دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی ایل اے 16 دیامیر 2 میں کل 41 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں مسلم لیگ (ن) کے محمد انور 5 ہزار 605 ووٹس لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ آزاد امیدوار عطا اللہ 5 ہزار 170 ووٹس لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی ایل اے 22 گانچھے 1 میں آزاد امیدوار مشتاق حسین کامیاب ہوئے۔

جی بی ایل اے 23 گانچھے 2 میں آزاد امیدوار عبدالحمید 3 ہزار 696 ووٹس حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے جبکہ تحریک انصاف کی آمنہ انصاری 3 ہزار 180 ووٹس لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی ایل اے 24 گانچھے 3 پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد اسمٰعیل نے تحریک انصاف کے امیدوار سید شمس الدین کو شکست دی۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے