تازہ ترین

ڈپٹی کمشنر کے زیر صدارت سبزی و فروٹ کی قیمتوں میں استحکام، تجاوزات کے خاتمے اور دیگر مسائل کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

  • Kamran Ashraf
  • مئی 4, 2020
  • 7:45 شام

ڈپٹی کمشنر قصور کا سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ، منڈی میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مستقل طور پر تعینات

آئندہ مارکیٹ کمیٹی کے نمائندے کی موجودگی میں سبزی و فروٹس کی بولی ہوگی اور اسکی بنیاد پر ریٹس طے کئے جائینگے‘منظر جاوید علی

قصور (کامران اشرف سے )ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی کے زیر صدارت سبزی و فروٹ کی قیمتوں میں استحکام، منڈی کی حدود میں ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور دیگر مسائل کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں چیئر مین مارکیٹ کمیٹی اکبر دیدار سندھو، وائس چیئر مین محمد قیصر ایوب شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع احمد نوید امجد، ای اے ڈی اے مہر لال

خاں، ڈی او انڈسٹری عبدالقدوس طور، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن قصور شہزاد اقبال، صدر سبزی و فروٹ منڈی مشتاق احمد تارا، صدر غلہ منڈی سجاد احمد، سب انسپکٹر مہر محمد شفیق انجم اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سبزی و فروٹ منڈی میں درپیش مختلف مسائل زیر بحث آئے جن کے حل کیلئے انجمن آڑھتیاں سبزی فروٹ و غلہ منڈی کے عہدیداران سے تجاویز طلب کی گئیں تا کہ ان مسائل کا مستقل طور پر حل نکالا جا سکے اور موجودہ حالات میں اشیائے خورونوش کی فراہمی کو مناسب قیمتوں پر یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور نے اسسٹنٹ کمشنر، ڈی ایس پی ٹریفک، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن قصور، صدر انجمن آڑھتیاں پر مشتمل کمیٹی بنائی جو مارکیٹ

کمیٹی اور تاجر رہنماؤں کیساتھ مشاورت کر کے منڈی کو درپیش مسائل، منڈی کی حدود میں تجاوزات کا خاتمہ، پارکنگ، سیکورٹی، منڈی کے داخلی و خارجی دروازوں، منڈی کی حدود میں ٹریفک کے مسائل بارے ایک پلان بنا کر پیش کریگی جس پر ضلعی انتظامیہ عملدرآمد کروائے گی۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی نے سبزی فروٹ و غلہ منڈی کا صبح سویرے دورہ کیا اور مختلف اشیاء کی قیمتوں، معیار،نیلامی، صفائی ستھرائی، سٹاف کی حاضری کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سبزی منڈی میں ایک پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مستقل طور پر تعینات کر دیا ہے جو وہاں سبزی و فروٹ کی مقررہ ریٹس پر فروخت کو یقینی بنائے گا اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ آئندہ مارکیٹ کمیٹی کے نمائندے کی موجودگی میں سبزی و فروٹس کی بولی ہوگی اور اس کی بنیاد پر ریٹس طے کئے جائینگے۔