تازہ ترین

سری لنکن دارالحکومت بم دھماکوں سے لرز اٹھا

سری لنکن دارالحکومت میں بم دھماکے
  • واضح رہے
  • اپریل 21, 2019
  • 1:02 شام

ایسٹر کے موقع پر کولمبو سمیت دیگر دو شہروں میں گرجا گھروں اور فائیو اسٹار ہوٹلوں پر ہونے والے دھماکوں میں 138 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ زخمیوں کی تعداد 400 سے زائد ہے، جس کے باعث ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔

سری لنکا میں دہشت گردوں نے میسیحیوں کے تہوار ایسٹر کے موقع پر تین گرجا گھروں اور تین ہوٹلوں کو نشانہ بنایا اور یکے بعد دیگرے 6 دھماکے کئے، جس میں مرنے والوں کی تعداد 138 ہوگئی ہے۔ جبکہ مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں 160 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ادھر حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 9 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

دھماکوں کے بعد سری لنکا کے صدر میتھریپالا سریسینا نے نیشنل سیکورٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ جبکہ کولمبو میں فوجی دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ سری لنکن صدر نے عوام سے پُر امن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں متحد رہیں اور کسی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں۔ حکومت صورتحال سے نمٹننے کیلئے فوری اقدامات اٹھا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا حملے۔ مسلمانوں کیخلاف سازش کی بُو آنے لگی

واضح رہے کہ ایسٹر سے 10 روز قبل سری لنکا کے پولیس چیف پوجتھ جے سندرا نے ملک بھر میں خودکش حملوں کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ کولمبو میں بھارتی ہائی کمیشن سمیت ملک کے بڑے گرجا گھروں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

اتوار کی صبح سری لنکا کے مغربی صوبے میں کٹانا، کولمبو کے نواح میں چھیکاڈے، نگامبو کے ضلع کٹواپٹیا اور بٹیکالوا میں گرجا گھروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ جبکہ دارالحکومت کولمبو میں تین ہوٹلوں دی شینگریلا، سینامن گرانڈ اور کنگز بری کو نشانہ بنایا گيا ہے۔ یہ دھماکے ایسٹر کی دعائیہ تقریبات کے دوران ہوئے، جو مسیحیوں کے بڑے تہواروں میں شامل ہے اور یہ گڈ فرائیڈے کے بعد آنے والے اتوار کو ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا میں ہلاکتوں کی تعداد 300 کے قریب ہوگئی

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت کولمبو کے سینٹ انتھونی چرچ اور کولمبو کے نواحی علاقے نگامبو میں سینٹ سباستین نامی گرجا گھروں میں ہونے والے دو دھماکوں میں 100 زائد افراد زخمی ہوئے۔ ان گرجا گھروں میں ہونے والے دھماکوں کے کچھ ہی دیر بعد پولیس نے تصدیق کر دی کہ شہر کے تین ہوٹلوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس میں 9 غیر ملکی ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ ملک کے مشرقی حصے کے علاقے باٹیکالوا میں بھی ایک چرچ پر حملہ کیا گیا، جہاں 27 کے زائد افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ جبکہ باٹیکالوا کے علاقے میں لگ بھگ 300 زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

غور طلب امر یہ ہے کہ بدھ مذہب سے تعلق رکھنے والی اکثریت کے ملک سری لنکا میں محض 6 فیصد مسیحی آباد ہیں، تاہم مسیحیت کو سری لنکا میں اتحاد اور ہم آہنگی کا نشان سمجھا جاتا ہے۔ مسیحیت سے تعلق رکھنے والوں میں تامل اور اکثریتی سنہالی نسلی گروہ دونوں شامل ہیں۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے