تازہ ترین

امارات نے 13 مسلم ممالک کو نئے ویزوں کا اجرا روک دیا

uae ne 13 muslim mumalik ko nae visa ka ijra rok diya
  • واضح رہے
  • نومبر 26, 2020
  • 12:55 صبح

امیگریشن حکام کی جانب سے نئی ملازمت اور وزٹ ویزا کے لیے دائر درخواستیں اگلے حکم تک ملتوی کردی گئی ہیں

دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان، افغانستان اور دیگر مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کو نئے ویزا کے اجرا کا عمل سیکیورٹی خدشات کے باعث عارضی طور پر روک دیا ہے۔ اس حوالے سے عام تاثر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے معاملے پر ممکنہ ردعمل کا ہے۔

امارات کے سرکاری بزنس پارک سے جاری دستاویز میں کہا گیا تھا کہ جن 13 مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کیلئے ویزوں کا اجرا روک دیا گیا ہے، ان میں پاکستان، افغانستان، لیبیا، الجزائر، شام، صومالیہ، یمن، عراق، کینیا، ترکی اور تیونس شامل ہیں۔

پارک میں آپریٹ کرنے والی کمپنیوں کو بھیجی گئی اس دستاویز میں امیگریشن سرکولر کا حوالہ دیا گیا تھا جس کا اطلاق 18 نومبر کو ہوا۔ مذکورہ ممالک کے شہریوں کی جانب سے نئی ملازمت اور وزٹ ویزا کے لیے دائر درخواستیں اگلے حکم تک ملتوی کردی گئی ہیں۔

یہ واضح نہیں کیا گیا تھا کہ اس پابندی سے ان ممالک کے شہریوں کو کوئی چھوٹ حاصل ہے یا نہیں۔ یو اے ای کی فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ نے ابتدائی طور پر بیان جاری نہیں کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت متعدد ممالک کو وزٹ ویزا کے اجرا کا عمل عارضی طور پر غیر معینہ مدت کے لیے روکا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یو اے ای انتظامیہ کی جانب سے یہ فیصلہ ممکنہ طور پر کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے