تازہ ترین

شی جن پنگ کا چینی فوج کو لڑائی کیلئے تیار رہنے کا حکم

  • واضح رہے
  • مئی 27, 2020
  • 11:04 شام

بھارت اور امریکہ کے ساتھ کشیدگی کے پیش نظر چین کے صدر نے ممکنہ جنگ کے حوالے سے پہلی بار ایک غیر معمولی اور واضح بیان دیا ہے

چین کے صدر شی جن پنگ نے "بدترین حالات" میں اپنی فوج کو ٹریننگ کی نوعیت بڑھانے سمیت لڑائی کیلئے ہمہ وقت تیار رہنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ اس وقت چین کی لداخ کے علاقے میں بھارت کے ساتھ سرحدی کشیدگی شدت اختیار کر چکی ہے۔ جبکہ عالمی سطح پر اسے امریکہ کے چیلنج کا بھی سامنا ہے۔ اس صورتحال میں صدر شی جن پنگ کا ممکنہ جنگ کے حوالے سے بیان چین کی پالیسی میں تبدیلی کا مظہر ہے۔

شی جن پنگ چین کی حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے جنرل سیکریٹری ہیں۔ انہوں نے بیجنگ میں ہونے والے پارلیمنٹ سیشن میں پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) اور پیپلز آرمڈ پولیس فورسز کے وفد سے ملاقات میں اپنی افواج کو ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیاری کرنے کا حکم دیا ہے۔

صدر شی جن پنگ نے حکم دیا کہ مسلح افواج بدترین حالات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنی ٹریننگ کو مزید سخت کریں اور جنگ کی تیاری کریں۔ فوری اور موثر طریقے سے ہر طرح کی پیچیدہ صورتحال سے ڈیل کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی سیکورٹی اور سالمیت کے دفاع کیلئے پُر عزم رہیں۔

دوسری جانب چینی صدر کے حکم کے بعد ہزاروں کی تعداد میں مسلح افواج کے تازہ دم دستوں کو لداخ کے مشرقی علاقوں میں بھیج دیا گیا ہے، جہاں چین کی فوجی قوت کو دیکھ کر ہی بھارت کی آدھی سے زیادہ اکڑ نکل چکی ہے اور اب وہ مذاکرات کیلئے سفارتی ذرائع استعمال کرکے اپنی فوج کو مصیبت سے نکالنے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے