تازہ ترین

سیلفی سے چِڑنے والے فنکار

selfie se pachny wale fankar
  • واضح رہے
  • مئی 17, 2019
  • 3:21 صبح

کبھی کبھار سلیبرٹیز سیلفی لینے کی وجہ سے اپنے مداحوں پر برس پڑتے ہیں۔ لیکن کچھ فنکار ایسے بھی ہیں، جو سیلفی فونز سے ہمیشہ ہی تنگ نظر آتے ہیں۔

(1) کیمرون ڈیاز

کیمرون ڈیاز

90 کی دہائی کی معروف فلم ’’دی ماسک‘‘ اور ’’چارلیز انجیل‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی کیمرون ڈیاز نے اپنے ایک انٹرویو میں اس بات کا برملا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے مداحوں کے ساتھ سیلفی وغیر بنوانا پسند نہیں کرتیں۔ کیمرون ڈیاز کا کہنا ہے کہ وہ کسی کو بھی آٹو گراف اور تصویر اس لئے نہیں لینے دیتیں کیونکہ اگر ایک شخص کو ’’فیور’’ دو تو ایک درجن لوگ اور آجاتے ہیں۔

(2) ٹوبی میگیوائر

’’اسپائڈر مین‘‘ کے کردار سے شہرت پانے والے امریکی اداکار ٹوبی میگیوائر تو سیلفی کے سخت مخالف ہیں۔ انہوں نے ایک بار سلیفی لینے پر اپنے مداح کو تھپڑ رسید کر دیا تھا، جس سے مذکورہ شخص کا چہرہ تو محفوظ رہا مگر ٹوبی میگیوائر کا ہاتھ لگنے سے اس کا موبائل گر گیا تھا۔

(3) رسل کرو

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار، ہدایت کار اور موسیقار رسل کرو پرستاروں کے ساتھ تصویر بنانے کے معاملے میں مختلف سوچ رکھتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ وہ اس وقت کسی کے ساتھ تصویر یا سیلفی نہیں بناتے جب وہ اپنے بچوں کے ساتھ ہوتے ہیں، کیونکہ وہ اپنے بچوں کا وقت کسی اور کو نہیں دینا چاہتے۔

(4) زوئے سلڈانا

امریکی اداکارہ زوئے سلڈانا بھی سیلفی دیوانوں سے اس وقت چِڑ جاتی ہیں جب وہ اپنے بچوں کے ساتھ ہوں۔ ایک انٹرویو میں زوئے سلڈانا نے بتایا کہ ان کے بچے ابھی چھوٹے ہیں اور وہ نہیں سمجھ پاتے ہیں کہ ان کی ماں کے ساتھ کوئی بھی اجنبی آکر سیلفی کیوں بنا رہا ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے، ہمیں کچھ حدود متعین کرنا ہوں گی۔

(5) جنیفر لارنس

ہالی ووڈ اداکارہ جنیفر لارنس بھی سیلفی جنون سے شدید پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ سیلفی لینے والے مداحوں سے خفا ہو جاتی ہیں، کیونکہ ان کی بھی پرائیویسی ہے۔ برطانوی اخبار ٹیلی گراف سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ چونکہ میں مشہور ہوں اسی لئے لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم پہلے ہی سے دوست ہیں اور وہ مجھے جانتے ہیں تو سیلفی لینے آجاتے ہیں، حالانکہ میں انہیں نہیں جانتی۔

(6) جسٹین بائبر

کینیڈین گلوکار جسٹین بائبر نے 2016 میں انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کیلئے اہم پیغام جاری کیا تھا۔ اس میں نوجوان گلوکار نے لکھا تھا کہ اگر میں آپ کو کہیں نظر آجاؤں تو یاد رکھیئے گا کہ میں کسی کے ساتھ تصویر نہیں بناؤں گا۔ میں تصاویر بنوا بنوا کر تنگ آگیا ہوں۔

(7) ایما واٹس

’’ہیری پارٹر‘‘ سیریز سے شہرت پانے والی خوبصورت اداکارہ ایما واٹسن بھی مداحوں کے ساتھ سیلفی بنانا پسند نہیں کرتیں۔ 29 سالہ برطانوی اداکارہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں اپنے پرستاروں کو ہیری پارٹر سے متعلق ہر بات بتانے کو تیار ہوں، ان کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں، لیکن میں ان کے ساتھ تصویر نہیں بنوا سکتی۔

(8)  کرسچین بیل

کرسچین بیل

برطانوی نژاد امریکی اداکار کرسچین بیل نے اپنی کتاب ’’inside story of darkest batman‘‘ میں انکشاف کیا ہے کہ جب بھی ان کے پرستار سیلفی بنانے کیلئے ان کے پاس آتے تھے تو وہ مشتعل ہوجاتے تھے۔

(9) فرانسز میک ڈارمنڈ

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ فرانسز میک ڈارمنڈ اپنے فینز کے ساتھ نہ صرف تصویر بنوانا پسند نہیں کرتیں بلکہ انہیں آٹو گراف بھی نہیں دیتیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس لئے اداکار نہیں ہوں کہ لوگ میرے ساتھ تصاویر بنواتے رہیں۔ میں لوگوں سے ہاتھ ملاتی ہوں، ان سے بات کرتی ہوں۔ بس یہ کافی ہے۔

(10) مائیسی ولیمز

مائیسی ولیمز

’’گیم آف تھرونز‘‘ سیریز میں آریا اسٹارک کا کردار ادا کرنے والی مائیسی ولیمز کا کہنا ہے کہ شہرت نے ان کے ذہن پر منفی اثرات ڈالے ہیں، وہ اب لوگوں کے ساتھ تصویر بنانے کے بجائے ان سے گفتگو کرنے کو ترجیح دیتی ہیں۔

(11) کٹ ہارنگٹن

کٹ ہارنگٹن

’’گیم آف تھرونز‘‘ کے ہی ایک اور اداکار کٹ ہارنگٹن بھی فینز کے ساتھ سیلفی بنوانا پسند نہیں کرتے۔ برطانوی اخبار گارجین کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ کئی بار انہوں نے اپنے مداحوں کیلئے پوز دینے سے انکار کیا۔

(12) امیلی بلنٹ

برطانوی اداکارہ امیلی بلنٹ بھی سیلفی سے پریشان نظر آتی ہیں، انہوں نے بتایا ہے کہ جب کوئی مداح ان کے ساتھ سیلفی لینے آتا ہے تو وہ کہتی ہیں کہ میں اس سے ریٹائر ہو چکی ہوں۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے