تازہ ترین

پاکستان میں بینک اکاؤنٹ ہولڈرز کی تعداد کتنی ہے؟

pakistan main bank account holders ki tadad kitni hai
  • محمد علی اظہر
  • جولائی 3, 2022
  • 6:21 شام

ملک میں کاروباری معاملات سمیت زیادہ تر لین دین کیش میں ہوتا ہے اور لوگ بینک اکاؤنٹس کھولنے کے ''جھنجھٹ'' سے دور رہتے ہیں

کراچی: پاکستانی بینک اکاؤنٹ کھولنے کے معاملے میں کنجوس نکلے۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں صرف 21 فیصد لوگ بینک اکاؤنٹ رکھتے ہیں۔ جبکہ خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ اس کا موازنہ کیا جائے تو بنگلہ دیش اور بھارت بہت آگے ہیں۔

ایک تجارتی تنظیم کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں جہاں 21 فیصد افراد کا اپنا بینک اکاؤنٹ ہے وہیں بنگلہ دیش میں یہ شرح 53 فیصد ہے۔ جبکہ بھارت میں 78 فیصد لوگوں کے اپنے ذاتی بینک اکاؤنٹس ہیں۔

جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ 22 کروڑ آبادی والے ملک میں 21 فیصد کے حساب سے ایک کروڑ 4 لاکھ 77 ہزار افراد بینک اکاؤنٹ ہولڈر ہیں۔ جبکہ عالمی مروجہ اقتصادی معیارات کے تحت ترقی پذیر ممالک میں اوسطاً 71 فیصد لوگوں کا بینک اکاؤنٹ ہونا لازمی ہے۔

اس امر سے حکومت معشیت کو دستاویزی شکل میں لا سکتی ہے۔ یوں زیادہ سے زیادہ لوگوں کا ڈیٹا حکومت اور متعلقہ اداروں کے پاس آجائے گا، جس سے ٹیکس کلیکشن میں مدد ملے گی۔ اسی طرح غیر قانونی تجارت کے ذرائع بھی مسدود کئے جا سکیں گے۔

واضح رہے کہ حکومت کی سرپرستی میں بینکنگ سیکٹر کئی دہائیوں سے عوام کو بینک اکاؤنٹ کھولنے اور اس میں اپنی رقم جمع کرانے کی ترغیب دے رہا ہے۔ عوام کیلئے بینک اکاؤنٹ کھکوانا اب کوئی بڑی مشکل نہیں۔ اس کی بڑی مثال ''آسان اکاؤنٹ'' ہے، جسے صرف شناختی کارڈ پر کھولا جا سکتا ہے۔

اس حوالے سے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کمرشل بینکنگ سسٹم کے بجائے اسلامی بینکاری نظام کو پسند کرتے ہیں اور اسی پر ان کا اعتماد ہے، جو کہ سود سے پاک ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ اسلامی بینکنگ پاکستان میں کامیابی سے اور مالیاتی ڈسپلین سے اپنے کام کو آگے بڑھا رہی ہے اور بینکنگ انڈسٹری میں اسلامی بینکاری کے ڈیپازٹ اور اثاثوں کا مارکیٹ شیئر سال 2021ء کے لیے بالترتیب 19.4 فیصد اور 18.6 فیصد تھا۔

مزید برآں گزشتہ مالی سال 2021ء میں اسلامی بینکاری کے ذریعے فنانسنگ میں 38.1 فیصد اضافہ ہوا، جو کسی بھی معیار کے لحاظ سے فنانسنگ میں بہت اچھے گروتھ ریٹ کو ظاہر کرتا ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر سلیمان چاولہ نے مطالبہ کیا کہ وزارت خزانہ، وزارت قانون، بینکنگ کونسل اور دیگر اسٹیک ہولڈرز اکٹھے ہو کر پاکستان کو سود سے پاک ملک بنانے کیلئے کام کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام میں قرآن و سنت کے مطابق سود کی ممانعت اپنی تمام صورتوں اور مظاہر میں مطلق ہے۔

ان تمام حقائق کی روشنی میں ایک بات بڑے وثوق سے کہی جا سکتی ہے کہ پاکستان میں بینکنگ سسٹم پر عوام کے عدم اعتماد کی بنیادی وجہ سودی نظام ہے۔ حکومت سودی نظام سے جان چھڑا کر اور اسلامی بینکاری کو مزید وسعت دے کر نئے لوگوں کو بینک اکاؤنٹ کھولنے کی جانب سے راغب کرسکتی ہے۔

محمد علی اظہر

محمد علی اظہر نے ایک دہائی کے عرصے میں سب ایڈیٹنگ سمیت اسپورٹس اور کامرس رپورٹنگ میں اپنی صلاحیت منوائی ہے۔ وہ کراچی پریس کلب کے ممبر ہیں اور اردو نیوز ویب سائٹ "واضح رہے" کے بانیوں میں سے ہیں۔

محمد علی اظہر