تازہ ترین

نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں ڈاکوؤں کا راج

north karachi pr appeal
  • واضح رہے
  • ستمبر 19, 2019
  • 5:13 شام

دن دیہاڑے ڈکیتی کی وارداتوں سے صنعتکارعدم تحفظ کا شکارہوگئے ہیں۔ ایسوسی ایشن نے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی اپیل کردی

نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں ڈاکوؤں سرگرم ہوگئے ہیں اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اچانک تیزی آگئی ہے۔ گزشتہ روز نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں ڈکیتی کی 2 وارداتیں ہوئیں۔ ڈاکوؤں نے بینک سے واپس آنے والے صنعتکار کا پیچھا کیا اور اسلحے کے زور پر صنعتکار کو فیکٹری کے گیٹ پر روک کر 15 لاکھ روپے لوٹ لئے اور موقع سے بآسانی فرار ہوگئے۔

متاثرہ صنعتکار نے بھی اپنی گاڑی میں ڈاکوؤں کا تعاقب کیا، جس پر ڈاکوؤں نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کی وجہ سے گاڑی بے قابو ہو کر نالے میں جاگری۔ ایک اور واردات میں ڈاکوؤں نے فیکٹری میں داخل ہو کر صنعتکار اور اسٹاف کو یرغمال بنایا اور نقدی، موبائل ودیگر سامان لوٹ کر لے گئے۔

نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے سرپرستِ اعلیٰ کیپٹن اے معیز خان، صدر سید طارق رشید نے ہنگامی طور پر بلائے گئے اجلاس میں نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور گورنر سندھ ، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے کاروباری برادری کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔

ایسوسی ایشن کے ذمہ داران نے کہا کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا کے صنعتکاروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں منیجنگ کمیٹی اراکین اور نکاٹی کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ صنعتکار سیکورٹی کی ابتر ہوتی صورتحال میں خود کو تنہا محسوس کرنے لگے ہیں، کیونکہ ان کیلئے اپنی صنعتوں تک پہنچنا خطرے سے خالی نہیں۔ لہٰذا صوبائی حکومت کو چاہئے کہ وہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں فول پروف سیکورٹی کے انتظامات عمل میں لائے تاکہ صنعتکار بلاخوف وخطر اپنی فیکٹریاں چلا سکیں۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے