تازہ ترین

ناردن بائی پاس پر چاول سے لدا ٹرک اغوا ہونے پر تاجروں کا احتجاج

images
  • واضح رہے
  • مئی 20, 2020
  • 11:18 شام

وزیراعلیٰ سے اجناس کی گاڑیاں لوٹنے کے واقعات پر قابو پانے کے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ لوٹا ہوا مال بازیاب کروائیں۔ ملزمان کو گرفتار کیا جائے، انیس مجید۔ ملک ذوالفقار

دالوں، چاول، چینی، مصالحہ جات، گندم و دیگر اجناس کے تھوک تاجروں، درآمدکنندگان و برآمدکنندگان کی نمائندہ کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن(کے ڈبلیو جی اے) کے سرپرست اعلیٰ انیس مجید، چیئرمین ملک ذوالفقارعلی نے نادرن بائی پاس پر چاول کا ٹرک اغوا کرنے کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ اور کراچی پولیس چیف سے درخواست کی ہے کہ لوٹا ہوا مال بازیاب کروایا جائے اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

کے ڈبلیوجی اے کے رہنماؤں نے کہا کہ نامعلوم مسلح افراد منگو پیر تھانے کی حدود میں نارن بائی پاس پر چاول سے لدا ٹرک اغوا کرکے لے گئے۔ٹرک پر 28 ٹن مال لدا تھا جس میں 15 لاکھ مالیت کے چاول کے 50 کلو کے 660 بیگ رکھے تھے۔ ملزمان سارا مال لوٹ کر حب چوکی کے نزدیک خالی ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگئے جس کی ایف آئی آر منگو پیر تھانے میں درج کروادی گئی ہے۔

انیس مجید، چیئرمین اور ملک ذوالفقارعلی نے وزیراعلیٰ سندھ سے اجناس کی گاڑیاں لوٹنے کے بڑھتے واقعات پر قابو پانے کے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کاروبارپہلے ہی ختم ہوکر رہ گیا ہے اور اب رمضان المبارک میں تاجروں کامال لوٹنے کے بڑھتے واقعات کے باعث تاجر تباہ وبرباد ہوجائیں گے۔

کے ڈبلیوجی اے کے رہنماؤں نے وزیراعلیٰ سندھ اور کراچی پولیس چیف سے مطالبہ کیا کہ اجناس کی گاڑیاں لوٹنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے فول پروف سیکورٹی اقدامات کرتے ہوئے تاجروں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے