تازہ ترین

متحدہ عرب امارات میں ”ممکنات“ وزارت کا قیام

Ministry of Possibilities
  • واضح رہے
  • اپریل 27, 2019
  • 12:13 صبح

ناممکن کو ممکن بنانے کیلئے ’’ایجاد‘‘ کی جانے والی وزارت وزیر کے بغیر ہوگی، جو دراصل دبئی کے حکمران کے ذہن کی اختراع ہے۔

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی میں ایک غیر روایتی وزارت تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ نئی وزارت کا نام ’’وزارت اللامستحیل‘‘ ہے جس کا مطلب ممکنات ہے۔ یعنی یہ وزارت متحدہ عرب امارات کے اس تصور کو فروغ دینے کیلئے بنائی گئی ہے کہ یہاں کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔

اماراتی میڈیا کے مطابق نئی وزارت کا کوئی وزیر مقرر نہیں ہوگا، تاہم کابینہ کے تمام ارکان اس کے رکن ہوں گے۔ ممکنات وزارت مستقبل کے امکانات کا جائزہ لے گی، اسے امکانات کی وزارت کا بھی نام دیا جاسکتا ہے۔

شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اسں نئی وزارت کا اعلان کرنے کے بعد کہا ہے کہ امارات کی حکومت نے ایک نئی اور غیر روایتی وزارت کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم نے اس کا نام ’’وزارت ممکنات‘‘ رکھا ہے، جس کا مقصد نا ممکن کو ممکن بنانا ہے۔

اس وزارت کے دائرہ کار میں بنیادی قومی معاملات ہیں جنہیں مستقبل کے پیش نظر نمٹانا ہے۔ شیخ محمد بن راشد نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ہماری لغت میں ناممکن کا لفظ نہیں۔ ہم ناممکنات کو ممکن بنائیں گے۔ اسی لئے وزارت کا نام ہی کچھ بھی ناممکن نہیں رکھا ہے۔

قبل ازیں امارات نے اس طرح کی غیر روایتی وزارتوں کے قیام کا فیصلہ کیا تھا۔ ان میں سے ایک ”وزارت خوشی“ بھی ہے۔ اسی طرح ”وزارت روا داری“ کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے