تازہ ترین

مشکل وقت کو حوصلے سے گزارنے کے مفید نسخے

Mushkil waqt ko hosle se guzaarne ke mufeed nuskhe
  • واضح رہے
  • مارچ 3, 2021
  • 12:58 صبح

انسان کو زندگی میں کبھی ایسے وقت کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے جب ہر خواب ٹوٹتا ہوا محسوس ہوتا ہے اور امید کی کرن نظر نہیں آتی

ایسے میں منفی سوچیں اسے چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیتی ہیں۔ اکثر افراد ایسی صورتحال میں دلبرداشتہ ہوکر خود کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیتے ہیں۔ جبکہ حوصلہ مند لوگ مشکل وقت گزار جاتے ہیں۔ اگرچہ آپ ہمیشہ حالات کو قابو میں نہیں رکھ سکتے، لیکن اپنے ردعمل کے ذریعے نتائج کا رخ مثبت سمت کی جانب ضرور موڑ سکتے ہیں۔

معروف امریکی موٹیویشنل اسپیکر جان میکسویل کا کہنا ہے ’’آپ چیلنجز کو چھوٹا کرکے نہیں بلکہ خود کو بڑا بنا کر کامیاب ہوتے ہیں۔‘‘

اگر آپ کسی بھی موڑ پر برے وقت کو اچھے وقت میں تبدیل کرنے کے خواہشمند ہیں تو ایسے میں آپ کو ضرورت ہے ’’سیلف موٹیویشن‘‘ کی، کیونکہ یہی وہ واحد راستہ ہے جو مشکل وقت کو گزارنے میں آپ کی مدد اور کامیابی سے ہمکنار کر سکتا ہے۔

دنیا کے ہر کامیاب شخص کے پیچھے کسی کی حوصلہ افزائی اور کچھ کر دکھانے کی ترغیب ہوتی ہے۔ جو ناممکن کو بھی ممکن بنا دیتی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ آخر ایک ایسے وقت میں جب ہر چیز مخالف جاتے ہوئے محسوس ہو تو پھر کیسے حوصلہ برقرار رکھا جائے۔

اس حوالے سے ماہرین ذیل میں درج چند مفید مشورے دیتے ہیں:

پُر امید رویہ اپنائیں

سیانے کہتے ہیں انسان جیسی توقع رکھتا ہے اسے ویسا ہی نتیجہ ملتا ہے۔ اس لئے امید رکھیں کہ ہر آنے والا دن آپ کیلئے بہترین ہوگا۔ ہر صبح آئینے میں خود کو دیکھ کر بلند آواز میں کہیں کہ آج کے دن میں یقیناً میرے لئے کچھ اچھا موجود ہے۔

جو اختیار میں نہیں اس کی فکر چھوڑ دیں

کچھ چیزیں انسان کے اختیار میں ہوتیں، جبکہ کچھ نہیں ہوتی ہیں۔ حاصل اور لاحاصل چیزوں کے درمیان فرق کرنا سیکھیں۔ جو چیزیں، رویے یا حالات آپ کے کنٹرول میں نہیں ان کیلئے فکرمند ہونا چھوڑ دیں۔ جذباتی طور پر خود کو اس قدر نہ الجھائیں کہ یہ الجھن آپ کی کارکردگی کو مفلوج کردے۔

حالات ہمیشہ اچھے یا آپ کے حق میں نہیں ہوسکتے۔ لیکن مطمئن رہیں کہ جلد ہی آپ غیر مواقف حالات پر قابو پالیں گے۔ اور تیزی سے کامیابی کی جانب گامزن ہوں گے۔ یقین رکھیں کہ آپ ہی اپنے عمل اور ردعمل دونوں کو قابو میں کر سکتے ہیں۔

مثبت سنیں اور پڑھیں

مثبت اور متاثر کن معاملات سے بھرا دماغ بھی انسان کا حوصلہ بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔ خود کو بار بار یہ یاد دہانی کروائیں کہ آپ مشکل حالات پر قابو پاکر کامیابی سے ہمکنار ہوسکتے ہیں۔ کسی بُک اسٹور یا لائبریری کا رُخ کریئے اور مطالعہ کیلئے کوئی ایسی کتاب تلاش کیجئے جو آپ کا حوصلہ بڑھانے کا سبب بنے۔

فکشن والی کتابیں مختلف شخصیات کو سمجھنے کیلئے زبردست اور زندگی اور ایک نئے زاویے سے دیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ لاکھوں مایوس لوگوں کی زندگیوں میں امید اور حوصلے کے چراغ روشن کرنے میں حوصلہ افزا کتابوں کا کردار ثابت شدہ ہے۔

مثبت سوچ والے افراد کی صحبت

منفی سوچ رکھنے والے افراد کا ساتھ اور ان سے گفتگو آپ کو اپنے مقاصد سے پیچھے ہٹا سکتی ہے۔ اگر آپ کبھی خود کو ایسی صورتحال میں پائیں جہاں منفی گفتگو ہو رہی ہو تو کوشش کرکے گفتگو کا موضوع تبدیل کریں۔ مثبت لوگوں کی تلاش جاری رکھیں اور کسی بھی منفی گفتگو کا حصہ نہ بنیں۔

کامیاب اور مثبت سوچ کے حامل افراد کے ساتھ وقت گزاریں۔ اگر آپ کو اچھی منزل یا برے دوستوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے تو اچھی منزل کو چُنیں۔ اچھے لوگ منزل کے حصول میں مددگار ثابت ہوں گے۔ جبکہ برے دوست اس میں رکاوٹ بنیں گے۔

مثبت الفاظ کا استعمال

الفاظ جادوئی تاثیر رکھتے ہیں۔ آپ کے اردگرد کیا ہو رہا ہے، اس سے قطع نظر ان حالات پر بات کریں جو آپ کے موافق ہوں۔ دوسری جانب جو ہو رہا ہے یا جس کی آپ خواہش رکھتے ہوں اس سے متعلق لکھنا بھی شروع کریں۔ اور جب کبھی فارغ وقت ملے تو اس تحریر کو نکال کر پڑھیں۔ یہ عمل آپ کو برے حالات میں حوصلہ مند رکھنے میں مدد دے گا۔

غلطیوں سے سیکھیں

غلطیاں سب کرتے ہیں لیکن ان غلطیوں سے سیکھنا اور آگے بڑھنا اصل کامیابی ہے۔ ماضی میں ہر وہ غلطی جو آپ سے سرزد ہوئی ہے، اس کا تجزیہ کریں اور جاننے کی کوشش کریں کہ کس طرح آپ ان حالات کو بہتر بنا سکتے تھے۔ ممکنہ حل اور نتائج بھی تحریر کریں۔ تاکہ خدانخواستہ مستقبل میں جب کبھی دوبارہ آپ کو کسی ایسی مشکل کا سامنا کرنا پڑے تو آپ ذہنی طور پر اس سے نمٹنے کیلئے تیار اور بہترین طریقوں سے آگاہ ہوں۔

منصوبہ بنائیں

ایک مشہور قول ہے ‘‘اگر آپ منصوبہ بنانے میں ناکام ہیں تو سمجھ لیں آپ ناکام ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔’’ جب آپ کسی چیز کی منصوبہ بندی کرتے ہیں تو آپ شروع سے آخر تک خود کو تمام امور سے متعلق سوچنے کی اجازت دیتے ہیں۔ یہ عمل نت نئے آئیڈیاز کھوجنے اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

اپنے مستقبل سے متعلق تحریری منصوبہ بندی کریں اور آج سے ہی اس حوالے سے متحرک ہوجائیں۔ اگر آپ کی زندگی میں کوئی مقصد ہے تو فوراً اسے تحریر کریں۔ اس سے متعلق منصوبہ بندی کرکے اس پر عمل کرنا شروع کردیں۔ یہ چیز یقیناً آپ کا حوصلہ بڑھانے میں معاون ہوگی۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے