تازہ ترین

’’مائیکل جیکسن کیلئے بن مانس روتا ہے‘‘

مائیکل جیکسن کا پالتو بن مانس
  • واضح رہے
  • اپریل 8, 2019
  • 9:56 شام

انسان کے مرنے پر صرف انسان ہی نہیں روتے بلکہ جانور بھی آنسو بہاتے ہیں۔ اس کی مثال مائیکل جیکسن کا پالتو بن مانس ہے، جو آنجہانی گلوکار کو یاد کرکے آبدیدہ ہوجاتا ہے۔

ایک برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ آج بھی مائیکل جیکسن کا پالتو بن مانس ”ببل“ اپنے مالک کو یاد کرتا ہے اور ان کی تصویر دیکھ کر رو پڑتا ہے۔ واضح رہے کہ مائیکل جیکسن 2009 میں دارِ فانی سے کوچ کر گئے تھے۔ مالک سے بے پناہ محبت کرنے والا یہ بن مانس اب ایک امریکی ادارے میں موجود ہے اور گزشتہ دس برس میں خود کو نقصان پہنچانے کی متعدد کوششیں کرچکا ہے، جس پر اس کو ایک خاص کمرے میں رکھا گیا ہے۔

برطانوی جریدے کا دعویٰ ہے کہ ببل اپنے مالک مائیکل جیکسن سے اس قدر مانوس تھا کہ امریکی پاپ اسٹار کی موت پر اس نے ایک ماہ میں ہی خودکشی کی دو کوششیں کی تھیں، لیکن اس کی دیکھ بھال پر مامور اسٹاف نے اسے بچا لیا تھا۔

168 پونڈ وزنی ببل آج بھی امریکی ادارے ”سینٹر فار گریٹ ایپس، فلوریڈا“ میں موجود ہے۔ اگرچہ اس کی عمر 35 برس ہوچکی ہے لیکن آج بھی اس کے دل و دماغ میں اس کا پیارا مالک مائیکل جیکسن بسا ہوا ہے۔ ببل کے ہینڈلرز کا ماننا ہے کہ جب کبھی اس کی طبیعت مضمحل ہوتی ہے یا یہ افسردہ دکھائی دیتا ہے تو اس کو ہم مائیکل جیکسن کی اسی کے ساتھ لی گئی ایک تصویر پکڑا دیتے ہیں، جس سے اس کی طبعیت سنبھل جاتی ہے۔مائیکل جیکسن کی تصویر دیکھ پر ببل خوشی کے عالم میں چیخیں بھی مارتا ہے۔

’’سینٹر فار گریٹ ایپس، فلوریڈا“ کے ڈائریکٹر پاتی ریگان کا کہنا ہے کہ وہ 2009 سے ببل کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ دراصل ننھے بن مانس اور پاپ اسٹار کا ساتھ اس وقت سے تھا جب ببل کی عمر دو برس تھی۔ بعد ازاں دونوں نے 1986 سے 2009 تک کا عرصہ ایک ساتھ گزارا۔ یہ کم و بیش 23 برس کا ساتھ تھا۔

امریکی لکھاری ڈیوڈسن کہتے ہیں کہ جہاں تک انہیں یاد ہے ببل 1985 میں ایک امریکی بن مانس ٹرینر کے چڑیا گھر میں پیدا ہوا تھا اور اگلے برس اسے مائیکل جیکسن کو دے دیا گیا تھا۔ مائیکل جیکسن نے اس ننھے بن مانس کو اپنے لاس اینجلس کے گھر میں ایک بہترین کمرے میں رکھا ہوا تھا۔ ننھا ببل مائیکل جیکسن کے ساتھ بیرون ملک ان کے ذاتی جہاز میں سفر کرتا تھا اور باقاعدہ پینٹ شرٹس اور جینز بھی پہنتا تھا۔ کئی ایک کنسرٹس میں ببل نے مائیکل جیکسن کے ساتھ پرفارم بھی کیا تھا۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے