سانتا ماریا: امریکی پاپ اسٹار مائیکل جیکسن کا کیلیفورنیا میں واقع عالیشان گھر ان کے ساتھی ارب پتی بزنس مین رون برکلے نے خریدلیا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق برکلے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سنٹا باربرا کے قریب لاس اولیوس میں 2700 ایکڑ رقبے پر پھیلے اس عالیشان گھر کو لینڈ بینکنگ کے موقع کے طور پر دیکھتے ہیں۔
وال سٹریٹ جرنل نے بتایا ہے کہ مائیکل جیکسن کی یہ جائیداد 22 ملین ڈالر میں ان کے ایک پرانے ساتھی اور سرمایہ کار فرم یوکیپیا کمپنیز کے شریک بانی رون برکلے کو فروخت کر دی گئی ہے۔ مائیکل جیکسن کے اس گھر کے لیے2016 میں 100 ملین ڈالر طلب کیے گئے تھے جبکہ اس کے ایک سال بعد اس کی قیمت67 ملین ڈالر کا اندازہ لگایا گیا تھا۔
اس جائیداد میں 12،500 مربع فٹ مرکزی رہائش گاہ ہے اور 3،700 مربع فٹ پول ہاؤس کے علاوہ اس جائیداد میں 50 سیٹوں والا مووی تھیٹر اور ڈانس سٹوڈیو کے ساتھ ایک علیحدہ عمارت تیار کی گئی ہے۔ فارم کی دیگر خصوصیات ڈزنی اسٹائل ٹرین سٹیشن، فائر ہاؤس اور گودام ہیں۔
برکلے کے ترجمان نے کہا ہے کہ کچھ ارب پتی افراد کی یہاں موجود زیکا جھیل پر نظر ہے۔ یہ جھیل اس گھر سے ملحق ہے۔یہ جگہ ایک نئے سوہو ہاؤس بنانے کے لیے دیکھی جارہی ہے۔ جس کے تحت یہ کلب لاس اینجلس، میامی، نیو یارک اور ٹورنٹو میں موجود ہے۔
بعد ازاں برکلے نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ یہ جگہ کلب کے لئے بہت دور دراز اور مہنگی ہے۔ رون برکلے سوہو ہاؤس کا کنٹرولر اور شیئر ہولڈر بھی ہے۔ واضح رہے کہ رون برکلے نے فضائی جائزے کے بعد مائیکل جیکسن کی یہ جائیداد خریدنے کی پیش کش کی۔