تازہ ترین

انسانی حقوق سے متعلق ججوں کی تربیت کیلئے معاہدہ

ججوں کی تربیت کیلئے معاہدہ
  • واضح رہے
  • اپریل 26, 2019
  • 9:42 شام

وزارتِ انسانی حقوق اور سندھ جوڈیشل اکیڈمی نے امید ظاہر کی ہے کہ پروگرام کے ذریعے عدالتی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

وزارتِ انسانی حقوق اور سندھ جوڈیشل اکیڈمی  نے انسانی حقوق سے متعلق قوانین، قومی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے فریم ورک کے بارے میں ججوں کی تربیت سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ اس سلسلے میں سندھ جوڈیشل اکیڈمی، کراچی میں تقریبِ منعقد کی گئی۔

وزارتِ انسانی حقوق کی سیکریٹری رابعہ جویری آغا نے وزارت کی جانب سے، جبکہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل جسٹس عارف حسین خلجی نے سندھ جوڈیشل اکیڈمی کی نمائندگی کرتے ہوئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ سندھ جوڈیشل اکیڈمی، صوبہء سندھ میں ججوں کی تربیت اور تعلیم کیلئے مصروفِ عمل ہے۔ وزارتِ انسانی حقوق کی سندھ جوڈیشل اکیڈمی کے ساتھ شراکت داری کے نتیجے میں انسانی حقوق سے متعلق فیصلوں کے سلسلے میں عدالتی کار کردگی میں اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر وزارتِ انسانی حقوق کی سیکریٹری رابعہ جویری آغا نے آئین اور بین الاقوامی قانونی دستاویزات میں انسانی حقوق کے معیار اور ذمہ داریوں پر عمل کی اہمیت کے متعلق جائزہ پیش کیا۔ خاتون سیکریٹری نے کہا کہ ججوں کی تربیت کا مقصد اس بات کی یقین دہانی کروانا ہے کہ وہ اس قومی قانون سازی سے واقف ہیں جو انسانی حقوق سے محروم لوگوں اور ملزمان کے حقوق کا تحفظ کرتی ہے۔ تاہم قومی قانون سازی کی معلومات کافی نہیں ہیں، عدلیہ کو ان بین الاقوامی قانونی دستاویزات کے بارے میں آگاہ کرنا ضروری ہے، جس کی پاکستان نے منظوری دی ہے۔ اس تربیت کے نتیجے میں جج بین الاقوامی انسانی حقوق کی دستاویزات استعمال کرتے ہوئے اپنے فریم ورک میں اور اپنی زبان میں زیادہ بہتر فیصلے دینے کے قابل ہوں گے۔ اس طرح نا صرف انصاف تک رسائی کی یقین دہانی ہوتی ہے بلکہ متاثرین کیلئے عدالت تک رسائی بھی قدرے آسان ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ کی سب سے اہم خصوصیت انصاف کی فراہمی ہے، جب دونوں فریقین کو تحفظ حاصل ہو اور یہ اسی وقت ممکن  ہو سکتا ہے جب جج حضرات انسانی حقوق پر مبنی طریقہ ہائے کار کے تحت تربیت یافتہ ہوں۔

اس موقع پر ڈی جی سندھ جوڈیشل اکیڈمی جسٹس عارف حسین خلجی نے کہا کہ وزارتِ انسانی حقوق اور سندھ جوڈیشل اکیڈمی دونوں ایک ایسا تربیتی پروگرام تشکیل دینا چاہتے تھے جو صرف انسانی حقوق سے متعلق ایک قانونی آلہء کار سے زیادہ کار آمد ہو۔ ہماری شراکت داری سے انسانی حقوق کے ماہرین کی سفارشات کے روشنی میں ججوں کی بہتر کارکردگی کیلئے آزمودہ تکنیکوں کے کے ذریعے ان کی عملی طور پر شمولیت یقینی ہوگی۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے