تازہ ترین

یونس خان کی بطور بیٹنگ کوچ واپسی

images (2) (2)
  • واضح رہے
  • جون 10, 2020
  • 1:39 شام

ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر میرے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔ اپنے تجربے سے کھلاڑیوں کو فائدہ پہنچانا چاہتا ہوں۔سابق کپتان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب بلے باز اور سابق کپتان یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا نیا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا ہے جبکہ مشتاق احمد اسپن بالنگ کوچ کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔ مصباح الحق اور وقار یونس پہلے ہی کوچز مقرر ہیں۔ یوں پاکستان کے کوچنگ اسٹاف میں ماضی کے 4 بہترین کرکٹرز شامل ہوگئے ہیں۔

پی سی بی نے یہ فیصلہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس کو ضروری اور اہم وسائل کی فراہمی کے لیے کیا ہے جس سے انہیں ٹیم کی کارکردگی مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

2000ء سے 2017ء تک پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سابق کپتان یونس خان نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 118 میچوں میں 52 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 10ہزار 99 رنز بنائے۔ یونس خان 2017ء میں انٹرنشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے اور اس کے بعد سے یہ ان کی پی سی بی میں پہلی تقرری ہے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے اور انگلینڈ کے ایک مشکل دورے کے لیے ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کا موقع ملنا میرے لیے اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو بلندیوں کو چھونے کی صلاحیت رکھتی ہے اور مصباح، وقار، مشتاق اور وہ مل کر کھلاڑیوں کی میدان کے اندر اور باہر ہر انداز میں بہترین تربیت کرنے کی کوشش کریں گے۔ میں نے کبھی بھی اپنے تجربے اور علم کو دوسروں تک پہنچانے میں کوئی عار محسوس نہیں کی۔ دورہ انگلینڈ میرے لیے اس سلسلے میں ایک بہترین موقع ہوگا۔

سابق کپتان نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں تکنیک کے ساتھ ساتھ تحمل مزاجی اور نظم وضبط درکار ہوتے ہیں اور اگر آپ ان تین شعبوں میں قابل ہوجائیں تو آپ انگلینڈ ہی نہیں دنیا کے کسی بھی کونے میں مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں، اگر ٹیم مؤثر ٹریننگ کرے گی تو بلاشبہ دورہ انگلینڈ میں نتائج بھی بہتر ہوں گے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے