تازہ ترین

پاکستان 14 برس بعد بڑے اسپورٹس ایونٹ کی میزبانی کیلئے تیار

Pakistan 14 baras baad barre sports event ki mezbaani ke liye tayyar
  • واضح رہے
  • جنوری 12, 2021
  • 12:02 صبح

پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے 2023 میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی حاصل کرلی ہے اور سیکورٹی کلیئرنس بھی مل گئی ہے

اسلم آباد: پاکستان 14 برس بعد بڑے اسپورٹس ایونٹ کی میزبانی کیلئے تیار ہوگیا ہے۔ پاکستان ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کرے گا۔ صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سید عارف حسن نے وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں گیمز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ یہ گیمز 2023 میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے آخری بار 2008 میں ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی کی تھی، جس کے بعد سے ملک میں کھیلوں کا کوئی بڑا ایونٹ نہیں ہوا۔ گزشتہ برس ڈیوس کپ کے میچز اسلام آباد میں ہوئے تھے۔ تاہم اس میں سیکورٹی کو جواز بناکر بعض ممالک کی ٹیمیں پاکستان نہیں آئی تھیں۔

حکومت نے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن (پی او اے) کو پاکستان میں آئندہ برس ہونے والے ساؤتھ ایشن گیمز 2023 کی میزبانی کا گرین سگنل دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 2020 میں 14ویں ایشین گیمز نہیں ہوسکے تھے، جس کا میزبان پاکستان ہے۔

پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر نے وزیراعظم اور میٹنگ کے دیگر شرکاء کو ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاری کے بارے میں آگاہ کیا۔

پاکستان نے اس سے قبل 1989 اور 2004 میں ان کھیلوں کی میزبانی کی تھی۔ تاہم اب حکومت کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد پی او اے کے حکام ساؤتھ ایشین گیمز فیڈریشن کے ساتھ رواں سال ہونے والے گیمز کی تاریخ کو حتمی شکل دیں گے۔ امکان ہے کہ یہ مقابلے اپریل یا اگست میں ہوں گے، جس میں بھارت کو بھی شرکت کرنے کے لیے ساؤتھ ایشین گیمز فیڈریشن کے حکام بات چیت کریں گے۔

بھارت کی عدم شرکت کی صورت میں اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے