تازہ ترین

آئی سی سی نے پاک بھارت سیریز کے انعقاد سے معذوری ظاہر کردی

ICC doesn't have mandate to influence Ind-Pak
  • واضح رہے
  • دسمبر 1, 2020
  • 3:18 شام

روایتی حریفوں کے درمیان تین ون ڈیز اور دو ٹی ٹوئنٹیز پر مشتمل آخری سیریز 2012/13 میں بھارت میں کھیلی گئی تھی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاک بھارت سیریز کے انعقاد سے معذوری ظاہر کردی۔ آئی سی سی کے نومنتخب چیئرمین گریگ بارکلے نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کو تسلسل کے ساتھ ایک دوسرے سے کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں لیکن اس ضمن میں کوئی کردار ادا کرنا ان کا مینڈیٹ نہیں۔

گزشتہ ہفتے آئی سی سی چیئرمین منتخب ہونے والے نیوزی لینڈ کے گریگ بارکلے نے ایک انٹرویو میں کہا کہ عالمی ایونٹس کا سلسلہ اور معیار برقراررکھنے کے حق میں ہوں لیکن رکن ممالک کے درمیان باہمی سیریز کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط کی جلد بحالی کے حوالے سے کہا کہ کچھ چیزیں کرکٹ سے بالاتر ہوتی ہیں، مجھے اس بات کا ادراک ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیریز نہ ہونے میں سیاسی اور زمینی حقائق کا عمل دخل ہے۔

گریگ بارکلے نے کہا کہ آئی سی سی میں ہم یہ کر سکتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کو ایک ایسے مقام تک لے آئیں جہاں وہ مستقل بنیادوں پر کرکٹ کھیل سکیں۔ میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کر سکتا کیونکہ یہ میرا مینڈیٹ نہیں، یہ سب کچھ ہمارے اختیار سے باہر ہے۔ ہر کوئی ایک بڑے رکن کے طور پر بھارت کی اہمیت سے آگاہ ہے لیکن ہم اس کو دیگر اراکین کی طرح ہی سمجھتے ہیں۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے