تازہ ترین

فواد عالم جیسے بہترین ڈومیسٹک کرکٹرز کیلئے ایلیٹ کنٹریکٹ متعارف کرا رہے ہیں۔ مصباح

  • واضح رہے
  • مئی 14, 2020
  • 12:51 صبح

چیف سلیکٹر کم ہیڈ کوچ نے پی ایس ایل اسٹار حیدر علی، حارث رؤف اور محمد حسنین کو ایمرجنگ کیٹگری میں شامل کرنے کی ان کی تجویز ماننے پر کرکٹ بورڈ کا شکریہ بھی ادا کیا

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر کم ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ نشینل ٹورنامنٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں فواد عالم، خوشدل شاہ اور دیگر کیلئے ایلیٹ ڈومیسٹک کنٹریکٹ بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مرکزی معاہدوں کے حوالے سے کہا کہ کھلاڑیوں کی ماضی قریب کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اس امر کو بھی پیش نظر رکھا گیا ہے کہ آئندہ 12 ماہ میں ہمارے کرکٹ میچوں کی تعداد اور فارمیٹ کیا ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ وہ چیئرمین پی سی بی کے مشکور ہیں جنہوں نے حیدر علی، حارث رو ¿ف اور محمد حسنین کے لیے ایمرجنگ کیٹیگری سے متعلق ان کی تجویز پر غور کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مستقبل کی تیاریوں سے متعلق حکمت عملی کا حصہ ہے، یقین ہے کہ اس نئی کیٹیگری کی تشکیل سے نوجوان کھلاڑیوں خصوصا ڈومیسٹک کرکٹرز کو عمدہ کارکردگی دکھانے کاموقع ملے گا۔

چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ وہ کپتانی کی مدت میں توسیع ملنے پر اظہر علی اور بابراعظم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یقیناً یہ ایک اچھا فیصلہ ہے کیونکہ اس سے اسکواڈ میں ان کا کردار واضح ہوگا جس سے دونوں کھلاڑیوں کو اپنے کھیل میں بہتری لانے کا موقع ملے گا۔ یقین ہے دونوں کھلاڑی اب مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کریں گے۔
مصباح الحق نے کہا کہ سلیکٹرز نے محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی کو سینٹرل کنٹریکٹ نہ دینے سے متعلق مشکل فیصلہ لیا تاہم حسن علی نے انجری کے سبب گزشتہ سیزن کے زیادہ تر حصے میں شرکت نہیں کی جبکہ محمد عامر اور وہاب ریاض کی جانب سے بھی محدود طرز کی کرکٹ پر توجہ دینے کے اعلان کے بعد یہ فیصلہ درست ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ وہ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو عمدہ کارکردگی کا صلہ ملنے پر خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ دونوں فاسٹ بالرز پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں اور اگر یہ دونوں فٹ رہتے ہیں تو یہ ایک طویل عرصہ دنیائے کرکٹ پر راج کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کی ترقی یقینا وقار یونس کی بھی حوصلہ افزائی کا سبب بنے گی جو ایک طویل عرصہ سے ان دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی نکھارنے کی کوشش کررہے ہیں۔
چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ اس فہرست میں بلے بازوں اور بالرز کا ایک جامع پول بنایا گیا ہے جس سے ہمیں کھلاڑیوں کا ورک لوڈ مینج کرنے میں مدد ملے گی۔ تاہم اس دوران سلیکٹرز ڈومیسٹک سیزن 2020-21 میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیتے رہیں گے اور اگر انہیں یہ محسوس ہو اکہ کسی کھلاڑی کو جلد از جلد قومی ٹیم میں لانے کی ضرورت ہے تو وہ اس سے متعلق فیصلہ کرنے میں دیر نہیں کریں گے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے