تازہ ترین

پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ توقع سے پہلے واپس لوٹ آئی: ڈو پلیسی

Faf Du Plessis did not expect Test series so soon in Pakistan
  • واضح رہے
  • جنوری 21, 2021
  • 9:29 شام

اندازہ نہیں تھا کہ اپنے کیریئر میں پاک سرزمین پر ریڈ بال کرکٹ کو انجوائے کر سکوں گا۔ سابق جنوبی افریقی کپتان

کراچی: جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بیٹسمین فاف ڈو پلیسی پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی جلد واپسی پر خوشگوار حیرانگی میں مبتلا ہیں۔ انہیں یقین نہ تھا کہ وہ اپنے کرکٹ کیریئر میں پاکستان کی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ کھیل پائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ پیغام میں کیا، جس میں کہا گیا کہ پاکستان میں 13 برس بعد جنوبی افریقہ ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

جنوبی افریقہ کے کرکٹر فاف ڈوپلیسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے بے چین ہوں، یہ پاکستانیوں کیلئے بہت خوشی کا موقع ہے، یہاں کی ایک نسل اپنے اسٹار کرکٹرز کو اپنے میدانوں میں کھیلتا نہیں دیکھ سکی۔ ہفتے کو پاکستان پہنچنے والے جنوبی افریقہ کے اسکواڈ میں شامل فاف ڈوپلیسی کا یہ گزشتہ چار سال میں پاکستان کا تیسرا دورہ ہے۔

تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین نے آئی سی سی ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کے لیے 2017ء میں لاہور کا دورہ کیا۔ فاف ڈوپلسی دوسری مرتبہ گزشتہ سال ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شرکت کی غرض سے پاکستان آئے۔ انہوں نے کراچی میں کھیلے گئے لیگ کے پلے آف میچز میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی۔

26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ جہاں فاف ڈوپلیسی کے ٹیسٹ کیرئیر کا 68 واں میچ ہوگا وہیں یہ 36 سالہ بیٹسمین کا پاکستانی میدان پر پہلا ٹیسٹ بھی میچ ہوگا۔

اگرچہ کہ گزشتہ دوروں نے فاف ڈوپلیسی کو پاکستان میں سیکورٹی معاملات پر اعتماد فراہم کیا مگر جنوبی افریقہ کے سابق ٹیسٹ کپتان نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں اپنے آخری دورہ پاکستان کے وقت اندازہ بھی نہیں تھا کہ وہ دو ماہ بعد ہی طویل طرز کی کرکٹ کھیلنے کے لیے یہاں واپس آئیں گے۔

فاف ڈوپلیسی پاکستان کے خلاف اب تک سات ٹیسٹ میچز میں 27.33 کی اوسط سے 246 رنز بنا چکے ہیں۔ اس میں ایک سنچری بھی شامل ہے۔ ان سات ٹیسٹ میچز میں سے 2 متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے جہاں پاکستان نے 2010ءسے 2019ءتک اپنی ہوم کرکٹ کھیلی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسا لمحہ ہے کہ جو انہوں نے اب تک اپنی زندگی میں نہیں دیکھا، یہ تو جانتا تھا کہ یہاں محدود طرز کی کرکٹ تو کھیلی جا رہی ہے مگر یہ اندازہ نہیں تھا کہ اتنی جلدی طویل طرز کی کرکٹ بھی کھیلی جائے گی۔

فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ وہ اب پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کے دوبارہ آغاز کے منتظر ہیں اور انہیں یقین ہے کہ یہ بالکل 13 سال پہلے جیسا آغاز ہی ہوگا، یہاں وکٹیں فلیٹ ہیں، لہٰذا یہاں ہم بلے بازوں کے لیے رنز بنانے کے مواقع بھی زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کو کرکٹ سے متاثر کرنے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی سرزمین پر کرکٹ کھیلے اورامید ہے کہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کا یہ دورہ دیگر بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان لانے میں مدد کرے گا۔

فاف ڈوپلیسی نے کہاکہ پاکستان نے گزشتہ 11 سال اپنی ہوم کرکٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلی ، جس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ کے فینز کی ایک نسل اپنے اسٹار کرکٹرز کو اپنے گرائونڈز میں کھیلتا نہیں دیکھ سکی، یہ ضروری ہے کہ پاکستان اپنی ہوم کرکٹ اپنے ملک میں ہی کھیلے۔

سابق پروٹیز ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ دیگر قوموں کی طرح پاکستانی فینز بھی اپنی ٹیم پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں، جب بھی برصغیر کا دورہ کریں ہمیں یہاں ہمیں کرکٹ کے بہت پُر جوش مداح دیکھنے کو ملتے ہیں، یہ فینز ہر میچ دیکھنے آتے ہیں اور ہر میچ میں اپنی ٹیم کو اسپورٹ کرتے ہیں، دن بھر ان کا جوش اور جذبہ دیدنی ہوتا ہے۔ فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ اس تناظر میں یہ پاکستانیوں کیلئے ایک بہت خوشی کا موقع ہے۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے